Download (14)

ٹنل کے آر پار موسلادار بارشیں جاری ، گلمرگ اور سونہ مرگ کے علاوہ پیر پنچال کی پہاڑیوں پر تازہ برفباری

موسلادار بارشوں سے معمول کی زندگی متاثر ،ندی نالوں میں طغیانی ، دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ
24گھنٹوں میں بارشوں میں کمی آنے کا امکان ،مجموعی طو رپر 20اپریل تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی

سرینگر // وادی کشمیر میں دگر گواں موسمی صورتحال کے چلتے ٹنل کے آر پار موسلادار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ جبکہ سونہ مرگ ، گلمرگ اور امرناتھ گھپا پر بھی ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر گزشتہ دنوں جاری پیر پنچال کے آر پار موسلادار بارشوں نے وادی کے اطراف و اکناف میں جہاں معمول کی زندگی متاثر رہی وہیں مسلسل بارشوںکے نتیجے میںندی نالوں میں طغیانی آنے کے نتیجے میں کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔مسلسل بارشوں کے نتیجے میں دریا جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں بارشوں میں کمی آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے مجموعی طو رپر 20اپریل تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔سی این آئی کے مطابق گزشتہ دنوں سے ٹنل کے آر پار موسلا دار بارشوں نے وادی کے اطراف و اکناف میں جاری بارشوں کے نتیجے میں سردی کی لہر میں کافی اضافہ ہو گیا ہے ۔ خراب موسمی صورتحال کے چلتے بالائی علاقوں میںہلکی اور تازہ برفباری سے موسم سرد ہوا ۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں رم جم بارشوں کے بیچ شہر آفاق گلمرگ ، پہلگام اور سونہ مرگ میں سمیت وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں رات بھر ہلکی ہلکی برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وادی میں جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پہلگام اور گلمرگ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہوئی۔ مسلسل بارشوں سے وادی میں شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر معمول سے کم درج ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں سرینگر میں 6.6 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 2.7 ملی میٹر، پہلگام میں 19.3 ملی میٹر، کپواڑہ میں 18.7 ملی میٹر، کوکرناگ میں 44.8 ملی میٹر، گلمرگ میں 28.2 ملی میٹر، جموں میں 7.2 ملی میٹر، بانہال سے 28 ملی میٹر، 28 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شبانہ درجہ حرارت کے بارے میںمحکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 9.2 ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ محکمہ کے مطابق قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 9.6 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 8.6 ڈگری سیلشس ، کوکرناگ میں گزشتہ رات 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپوارہ شہر میں گزشتہ رات 10.9 ڈگری کے مقابلے میں 7.5 ڈگری سیلشس کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات 7.2 ڈگری کے مقابلے میں 4.8 ڈگری سیلشس اور اسی طرح سے شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات 3.2 ڈگری کے مقابلے میں 1.6 ڈگری سیلشس کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں گزشتہ رات 21.4 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 17.9 ڈگری ،بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے کچھ دنوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے جس دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں 20اپریل تک میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔محکمے نے باغ مالکان سے فی الحال باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے چٹانیں کھسکنے کے خطرات بھی لاحق ہیں جس کے پیش نظر ڈرائیور حضرات کو احیتاط برتنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں