Ravindra Raina 539x430

لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے بعد اتحاد کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ بی جے پی کلین سویپ کریگی / رویندر رینا

سرینگر // لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کیلئے کسی بھی پری پول اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے بی جے پی کے جموں کشمیر سربراہ رویندر رینا نے کہا کہ پارٹی کو انتخابات کے بعد اتحاد کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ جموں کشمیر کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔

سرینگر میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے جموں کشمیر صدر رویندر رینانے کہا کہ کشمیر کے عوام کیلئے یہ خوشی کی بات ہے کہ وزیر اعظم مودی 7 مارچ کو وادی میں آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا ” جب وزیر اعظم مودی کشمیر آئیں گے تو بخشی اسٹیڈیم میں ہونے والی ریلی میں دو لاکھ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے۔ کشمیر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کہ مودی کشمیر آ رہے ہیں“۔ایک سوال کے جواب میں رینا نے کہا ”بی جے پی جموں و کشمیر کی تمام پانچ سیٹوں پر الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہے۔ ہم اپنے بل بوتے پر لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ جب الیکشن کمیشن اسمبلی انتخابات کا اعلان کرے گا، تو ہم اپنے طور پر لڑیں گے“ ۔

انہوں نے مزید کہا،”ہمیں یقین ہے کہ ہم دونوں انتخابات جیتیں گے کیونکہ بی جے پی کو جموں و کشمیر کے لوگوں سے پیار مل رہا ہے۔“لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کیلئے کسی بھی پری پول اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے بی جے پی کے جموں کشمیر سربراہ رویندر رینا نے کہا کہ پارٹی کو انتخابات کے بعد اتحاد کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ جموں کشمیر کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ رینا نے کہا کہ بی جے پی کو یقین ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ 7 مارچ کو سرینگر میں ایک عوامی ریلی کیلئے آنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔

رینا نے مزید کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے جموں و کشمیر کو مالی امداد فراہم کرنے میں فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے نتیجے میں مرکز کے زیر انتظام علاقے میں بے مثال ترقی ہوئی ہے۔رینا نے کہا کہ ” سال 2014 میں مودی کی کشمیر آمد نے سیلاب متاثرین کو امید کی کرن دی تھی۔ انہوں نے 80,000 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔ اس پیکیج کی وجہ سے ہی کشمیر مسائل سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔ “

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں