صدر رئیسی کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، فلسطین سمیت مختلف مسائل پر گفتگو

ایران // ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے ترک ہم منصب رجب طیب اردگان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور غزہ میں جاری صہیونی حکومت کے مظالم اور دیگر مسائل پر گفتگو کی۔

اس موقع پر دونوں سربراہان مملکت نے خطے میں امن کے قیام، امت مسلمہ کی سیکورٹی اور فلاح و بہبود کے لئے مسلمانوں کے اتحاد اور اتفاق پر تاکید کی اور سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

گفتگو کے دوران صدر رئیسی نے کہا کہ ایران ترکی کے ساتھ سرحدی معمالات اور توانائی سمیت ہر شعبے میں باہمی تعاون کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے تیار ہے۔۔ دونوں ممالک عالم اسلام کے اتحاد اور انسجام کے لئے مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد کے باوجود غزہ میں فلسطینی مظلوم عوام پر صہیونی حکومت کی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت اقوام متحدہ سمیت کسی بھی ادارے کے قوانین اور قراردادوں کو اہمیت نہیں دیتا ہے۔ صہیونی حکومت کی جارحیت کو روکنے کے لئے اسلامی ممالک کا باہمی تعاون و اتحاد ضروری ہے۔او آئی سی جیسے پلیٹ فارم سے مسلمان ممالک کو اس حوالے سے مضبوط اور موثر موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کو غزہ میں جارحیت سے باز رکھنے کا واحد طریقہ اسلامی ممالک کی طرف سے قابض اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنا ہے۔

اس موقع پر صدر اردگان نے ایران میں گذشتہ مہینے پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے کامیاب انتخابات پر صدر رئیسی کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ترکی ایران کے ساتھ اعلی سطح پر تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے آمادہ ہے۔

(مہر خبر)

اپنا تبصرہ بھیجیں