لکھنؤ// گذشتہ ایک ہفتہ میں شہر لکھنؤ میں منعقد ہونے والے پہلے اور مجموعی طور پر تیسرے نور عصر کریش کورس نے امام زمانہ کے منتظرین کو امام عالیمقام کی معرفت سے سرشار کر دیا۔
حسب اعلان ان کلاسیز میں کامیاب برادران و خواہران کو نفیس انعامات نیز تمام شرکت کنندگان کو اسناد و امام زمانہ سے متعلق کتاب دی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ شب نیمہ شعبان لکھنؤ کے مہدی گھاٹ کی روحانی فضا میں مولانا ظہیر حسن خان کی اقتدا میں نماز مغربین با جماعت ادا کی گئی۔بعدہ انجمن ظہور امامت کی جانب سے مزین و مرتب کاؤنٹر سے تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری فرقان حیدر نے تلاوت کلام ربانی سے کیا۔
تلاوت کے بعد جناب احسن ناصر نے بارگاہ حضرت حجت میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کر مہدی گھاٹ کی فضا کو عطر آگیں کر دیا۔
مولانا سید حیدر عباس نے کلاس کے سلسلہ میں اجمالی رپورٹ پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ ان دروس میں کل 127 برادران و خواہران نے شرکت کی۔
مولانا ثقلین باقری نے فرمایا کہ آئندہ بھی پورے سال ہم اس قسم کے دروس کا اہتمام کرتے رہیں گے۔
ان کلاسیز کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں یاسمین زہرا،صالحہ زہرا، تطہیر زہرا نقوی،آسیہ زہرا،تطہیر فاطمہ،مصباح فاطمہ،علی اسد خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔
ان کے علاوہ دروس میں وقت کی پابندی کے ساتھ قرائت قرآن مجید سے درس کا آغاز کرنے والے محترم قاری قرآن پاک نیز ہیلپ ڈسک پر اپنی خدمات انجام دینے والے مولانا سید ضیغم عباس زیدی اور والنٹریس کو بھی اعزاز سے نوازا گیا ۔اس روحانی تقریب کا اختتام دعای فرج اور نذر مولا پر ہوا۔
(حوزہ نیوز)