Images (1) 140

نئے سال کے پہلے ہی دن ڈیوڈ وارنر نے اپنے شیدائیوں کو کیا غمگین، ونڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیائی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے یک روزہ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کر دیا ہے، وارنر نے کہا کہ انھوں نے عالمی کپ 2023 کے دوران ہی 50 اوورس کے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کیا تھا۔

آسٹریلیائی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے اپنے ٹیسٹ کیریر کے آخری میچ سے ٹھیک پہلے وَنڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے سال کے پہلے ہی دن وَنڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اس اعلان نے ڈیوڈ وارنر کے شیدائیوں کو غمگین کر دیا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ وارنر نے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وَنڈے اور ٹی-20 کھیلنا جاری رکھیں گے، لیکن ان کے اعلان نے ظاہر کر دیا کہ وہ اب صرف ٹی-20 کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں گے۔

یکم جنوری 2024 یعنی پیر کے روز منعقد ایک پریس کانفرنس میں ڈیوڈ وارنر نے آفیشیل طور پر وَنڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ وارنر کا کہنا ہے کہ عالمی کپ 2023 کے دوران ہی انھوں نے 50 اوورس کے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بارے میں غور کیا تھا۔ وارنر نے کہا کہ ’’میں یقینی طور پر ونڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔ یہ کچھ ایسا تھا جو میں نے عالمی کپ کے دوران سوچا۔ ہندوستان میں عالمی کپ جیتنا ایک بڑی حصولیابی ہے۔‘‘

وارنر نے پریس کانفرنس میں 2025 چمپئنز ٹرافی کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے پتہ ہے کہ ایک چمپئنز ٹرافی قریب ہے، اور اگر میں دو سال بعد بھی اچھا کرکٹ کھیلتا ہوں اور انھیں کسی کی ضرورت ہے، تو میں دستیاب رہوں گا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ وَنڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ڈیوڈ وارنر نے ایسے وقت میں کیا ہے جب وہ اپنے گھریلو میدان میں آخری ٹیسٹ میچ کی تیاری کر رہے ہیں۔ اب وہ پوری طرح سے ٹی-20 کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا ہدف رواں سال جون میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ میں آسٹریلیائی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔ واضح رہے کہ وارنر نے وَنڈے کرکٹ میں 22 سنچری سمیت 45.30 کی اوسط سے 6932 رن بنائے ہیں۔ وارنر کے بعد صرف رکی پونٹنگ کے نام آسٹریلیائی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ وَنڈے سنچری ہے۔ مستقبل کو دیکھتے ہوئے وارنر نے فارکس کرکٹ کے لیے اپنے کمنٹری سے متعلق عزائم ظاہر کیے اور آئندہ سال بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کھیلنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں