2051604 32

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا نبی حسن زیدی نبی ؐ و امامؐ کے مشن کے بے باک و نڈر مبلغ و مروج تھے

موتیوں کے شہر حیدرآباد میں حجۃ الاسلام مولانا نبی حسن زیدی مرحوم نے قریب نصف صدی تک آفتاب رشد و ہدا یت بن کر ضو فشانی کی ۔

حیدرآباد //حجةالاسلام والمسلمین مولاناسید نبی حسن زیدی کے سانحہ ارتحال پر مجمع علماء و واعظین پوروانچل،ہندوستان نے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جس کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

یہ جان کر سخت صدمہ ہوا کہ مکتب نبوت و امامت اور شیعیت و مرجعیت کا ایک بے باک و نڈر، بزرگ،عالم با عمل ، مبلغ و مروج حجۃ الاسلام والمسلمین ولانا سید نبی حسن زیدی امام جماعت عبادتخانہ حسینی حیدرآباد دکن دنیا سے کوچ کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

حجۃ الاسلام مولانا نبی حسن زیدی نے مرحوم نے اولاً مدرسہ سلطان المدارس و جامعہ سلطانیہ لکھنؤ میں اعلیٰ دینی تعلیم ،حاصل کی تھی۔

مدرسہ سلطان المدارس لکھنؤ میں ان کے اساتذہ میں سے تھےآیۃ اللہ مولانا سید علی آل باقر العلومؒ،حجۃ الاسلام ملانا محمد صالح الرضوی آل فقیہ اعظمؒ ، حجۃ الاسلام مولانا سید محسن نواب ،آقائے شریعت مولانا سید کلب عابد نقوی ،مولانا سید علی حسین ،حکیم مولانا غلام رضا ،مولانا سید الطاف حیدر محمدآبادی طاب ثراہم اورسلطان المدارس میں ان کے بعض ہمعصروں میں سے مولانا ابن حسن املوی واعظ ، مولانا محمد داؤد املوی واعظ، مولانا شفیق حسین جلال پوری،مولانا عالم مہدی زید پوری ماشاءاللہ آج بھی باحیات ہیں۔نجف اشرف میں ان کے اساتذہ میں سے تھے آیۃ اللہ شیخ محمد علی مدرسی،آیۃ اللہ شیخ مجتبیٰ لنکرانی،آیۃ اللہ جعفر علی حسن المرعشی،آیۃ اللہ سید محمد آغا وغیرہم۔نجف اشرف میں ان کے ہمعصروں سے مولانا سید ذیشان حیدر جوادی،مولانا طالب جوہری،مولانا مرزا محمد عالم،مولانا صادق علی شاہ طاب ثراہم۔

حجۃ الاسلام مولانا نبی حسن زیدی کا اصل آبائی وطن محمود پور سریاں ضلع ہردوئی (اترپردیش) ہے۔نجف اشرف سے مراجعت کے بعد حیدرآباد دکن کو اپنا وطن ثانی قرار دیا ۔اور حیدر آباد ہی کو اپنا تبلیغی سینٹر بنایا۔حیدرآباد شہر جہاں اپنی گونا گوں تہذیب و ثقافت اور خصوصیات کے باعث دنیا بھر میں تاریخی حیثیت کا حامل ہے وہیں مسلمانوں کی اکثریت،تفضیلی شیعہ ،اخباری شیعہ اور اصولی شیعہ اور غیر مسلموں کی ملی جلی مثالی آبادی کے سبب صحیح معنوں میں اسے ’’موتیوں کا شہر ‘‘کہے جانے کے لائق ہے۔

موتیوں کے شہر حیدرآباد میں حجۃ الاسلام مولانا نبی حسن زیدی مرحوم نے قریب نصف صدی تک آفتاب رشد و ہدا یت بن کر ضو فشانی کی ۔

حجۃ الاسلا مولانا نبی حسن حیدرآباد دکن میں 1976ء سے عبادتخانہ حسینی میں باقاعدہ امام جماعت مقرر ہوئے اور گرانقدر خدمات انجام دیں۔ہندوستان کے مختلف شہروں میں آپ نے مجالس و محافل میں خطاب فرمایا اور مختلف بیرونی ممالک میں ذکر محمد وآل محمد ؐ اور تعلیمات اہل بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت کی غرض سے زحمات سفر برداشت کیں۔ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا نبی حسن زیدی نبی ؐ وامامؐ کے مشن کے بےباک و نڈر مبلغ و مروج تھے۔

ان خیالات کا اظہار مولاناابن حسن املوی واعظ ترجمان مجمع علماء وواعظین پوروانچل (ہندوستان)نے ایک جاری کردہ تعزیتی پیغام میں کیا ہے۔مولانا نے مجمع علماءوواعظین پوروانچل کی جانب سے حجۃ الاسلا مولانا نبی حسن کے سانحہ ارتحال پر دکھ کے ساتھ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے بلندی درجات کی دعا کی ہے اور جملہ پسماندگان،لواحقین و متعلقین و مومنین حیدرآباد اورعلماءو طلبہ ،مراجع عظام بالخصوص حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی خدمات میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔اور پسماندگان سے ہمددردی کا اظہار کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

سوگوار:

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ابن حسن املوی واعظ

ترجمان مجمع علماء و واعظین پوروانچل،ہندوستان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں