ایران //ایرانی وزیر خارجہ نے ماسکو میں ایران اور روس کے صدور کے درمیان 5 گھنٹے کی مشاورت اور گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کا ایک اہم حصہ مسئلہ فلسطین سے متعلق تھا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے صدر رئیسی کے ایک روزہ دورہ ماسکو کے بارے میں اپنے X اکاؤنٹ پر لکھا کہ کریملن میں ایران اور روس کے صدور کے درمیان اہم ملاقات اور بات چیت پانچ گھنٹے تک جاری رہی جس کا ایک اہم حصہ مسئلہ فلسطین سے متعلق تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فریقین نے غزہ اور مغربی کنارے میں جنگ اور نسل کشی اور غزہ کے باشندوں کی جبری نقل مکانی کو فوری طور پر روکنے، اور بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی ترسیل کے لیے رفح کراسنگ کو فوری طور پر کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں فریقین کے درمیان بینکنگ، مالیاتی امور، ٹرانزٹ، ریلوے، زراعت، توانائی، سائنس، ٹیکنالوجی، سیاحت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔