قیدیوں کے تبادلے کا چوتھا مرحلہ : صیہونی جیلوں سے 33 فلسطینی قیدیوں کی رہائی
فلسطین// صیہونی حکومت نے قیدیوں کے تبادلہ کے چوتھے مرحلے میں منگل کی صبح 33 فلسطینیوں کو آزاد کیا۔
الجزیرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکام نے قیدیوں کے تبادلے کے چوتھے مرحلے پر عمل کرتے ہوئے، 33 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ فلسطینی قیدی صیہونی حکومت کی عوفر جیل سے رہا ہوکر اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے۔
اس سے پہلس حماس نے اعلان کیا تھا کہ قیدیوں کے تبادلے کے چوتھے مرحلے میں صیہونی جیلوں سے 3 خاتون فلسطینی قیدی اور 30 فلسطینی بچے رہا ہوں گے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے چوتھے مرحلے پر عمل در آمد کے بعد حماس کے آزاد کردہ اسرائيلی جنگی قیدیوں کی تعداد 69 اور صیہونی جیلوں سے آزاد ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد 150 ہوگئی ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پیر کی رات رہائي پانے والے 11 اسرائیلی قیدی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بتایا ہے کہ حماس کے آزاد کردہ 11 قیدیوں میں 3 کے پاس فرانس کی 2 کے پاس جرمنی کی اور 6 کے پاس ارجنٹائن کی نیشنلٹی ہے۔
یاد رہے کہ حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان جمعے کی صبح سات بجے شروع ہونے والی عبوری جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کردی گئ ہے۔