ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل آوری اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیری کارروائی کی ہدایت
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان نے ضلع بھر میں روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی وضع کرنے کے لئے آج منی سیکرٹریٹ کولگام میں ڈِسٹرکٹ روڈ سیفٹی کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جاری اَقدامات اور مستقبل کے ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اِس میں روڈ سیفٹی ایکٹ کی عمل آوری، بلیک سپاٹس کی اصلاح، کریش بیریئروں کی تنصیب، روڈ سائن بورڈوں وغیرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے گزشتہ میٹنگوںکے دوران مختلف محکموں کو تفویض کردہ کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ افسروں نے روڈ سیفٹی مسائل کو دور کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات کے بارے میں اَپ ڈیٹس پیش کیں۔
میٹنگ میں کمیٹی ممبران نے شرکت کی جنہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوںکو روکنے، ٹریفک کو پُرسکون کرنے کے اَقدامات کو عملانے اور حادثات کو کم کرنے کی حکمت عملی پر غوروخوض کیا ۔اطہر عامر خان نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیری کارروائی پر زور دیا۔ اُنہوں نے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ (ایم وی ڈی) اور دیگر شراکت داروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے سڑک کے کنارے قائم تجاوزات کو ہٹانے کی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے زیر التوا¿ بلیک سپاٹس کو فوری طور پر درست کرنے اور نئے مقامات کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ کریش بیریئروں اور سائن بورڈوں سمیت ضروری روڈ سیفٹی اقدامات کی تنصیب کریں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ایس ای آر اینڈ بی سرکل کولگام، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ، مختلف کالجوں کے پرنسپلوں، ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی، اے آر ٹی او، چیف ایجوکیشن آفیسر، ڈپٹی سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس ، ایگزیکٹیو افسران اور کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔