0

ہم یونین ٹریٹری فائونڈیشن ڈے کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے:تنویر صادق

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور جڈی بل نشست کے رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس جمعرات کو منعقد ہونے والی یونین ٹریٹری فائونڈیشن ڈے کی تقریب میں شرکت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا: ’نیشنل کانفرنس اس دن کو نہیں مانتی ہے‘۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’کل جو یونین ٹریٹری فائونڈیشن ڈے پر تقریب منعقد ہو رہی ہے اس میں نیشنل کانفرنس کا کوئی بھی فرد شرکت نہیں کرے گا کیونکہ ہم اس دن کو نہیں مانتے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’ہم سمجھتے ہیں کہ جو سال2019 میں ہم سے چھینا گیا ہے وہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ریاستی درجے کو جلد سے جلد بحال کیا جائے‘۔
دربار مو کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر صادق نے کہا: ’دربار مو جموں وکشمیر کی میراث رہی ہے اور اس کی بحالی ہمارے منشور میں بھی ہے اس کو ضرور بحال کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا: ’دربار مو کی بحالی کا ربط ریاستی درجے کی بحالی کے ساتھ ہے ریاستی درجے کی بحالی کے ساتھ ہی اس روایت کو بھی بحال کیا جائے گا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’دربار مو سے جموں اور کشمیر کے درمیان ایک تعلق رہتا تھا جس کو بی جے پی نے ختم کر دیا لیکن ہم اس داگے کو دوبارہ جوڑیں گے‘۔
تنویر صادق نے کہا کہ ہم لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا: ’جو ہم نے بارہ گارنٹیز اور 26 وعدے کئے ہیں ان کو پورا کیا جائے گا لوگوں نے ہمیں پانچ برسوں کا منڈیٹ دیا ہے ہم تمام معاملوں بجلی، راشن اور سب سے بڑھ کر دفعہ370 پر بات کی جائے گی‘۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں