0

شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان کا حزب اللہ کے رہنما حجت الاسلام سید صفی الدین کی شہادت پر اظہارِ تعزیت

شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے ایک پیغام میں حزب اللہ لبنان کے رہنما حجت الاسلام والمسلمین سید ہاشم صفی الدین کی عظیم شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے امام زمانہ (ع) اور رہبرِ انقلابِ اسلامی کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ

وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَاءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ فَرِحِينَ بِمَا آتَاهُمُ اللهُ مِنْ فَضْلِهِ وَيَسْتَبْشِرُونَ بِالَّذِينَ لَمْ يَلْحَقُوا بِهِمْ مِنْ خَلْفِهِمْ أَلَّا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ (سورۂآل عمران، آیت169-170)

جہاد راہِ حق و عدالت کے ایک اور عظیم مجاہد، آزادئ قدس کے ایک اور دور اندیش و شجاع قائد سے ہم بظاہر محروم ہوگئے، شہید علامہ سید ہاشم صفی الدین کی بھی خواہشِ شہادت پوری ہوگئی۔

سفاک و خوں ریز صیہونیوں نے انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کی بے شرمانہ خاموشی بلکہ بے دریغ حمایت کے سایہ میں بظاہر ایک اور شمع گل کر دی لیکن یہ شمع ،شہادت کی شمع ہےاس کے گل ہونے سے انشاء اللہ روشنی میں مزید اضافہ ہوگا۔

يُرِيدُونَ أَنْ يُطْفِئُوا نُورَ اللَهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَيَأْبَى اللهُ إِلَّا أَنْ يُتِمَّ نُورَهُ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ (سورۂ توبہ، آیت 32)

اک شمع بجھائی تو کئی اور جلالیں ہم گردشِ دوراں سے بڑی چال چلے ہیں۔

اس مصیبت عظمیٰ پر ہم حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ فرجہ الشریف اور ان کے نائب برحق آیۃ اللہ العظمیٰ آقائے سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی، غمزدہ خانوادہ اور اہل لبنان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور شہید کی تحریک کے آگے بڑھنے دعا کرتے ہیں۔

سید محمد عسکری، شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں