راہول گاندھی تو کیا اس کی تین نسلیں بھی جموں کشمیر میں دفعہ 370بحال نہیں کر سکتی
کانگریس لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹ پھیلا رہی ہے ، انتخابات میں ان کو جواب ملے گا / امیت شاہ
سرینگر // ہریانہ کی سرزمین سے اعلان کرتے ہوئے کہ ’’کشمیر ہمارا ہے، اس پر کوئی آنکھ نہیں اٹھا سکتا‘‘ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کے ہوتے ہوئے جموں کشمیر میں دفعہ 370کو واپس لانے میں کسی کی ہمت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹ پھیلا رہی ہے جبکہ بی جے پی نے ہریانہ کے ہر اگنیور کو مستقل سرکاری نوکری دینے کا عہد کیا ہے۔سی این آئی کے مطابق ہریانہ کے ریوار میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کانگریس کو نشانہ بنا کر کہا کہ کانگریس اور اس کے لیڈروں نے کبھی فوج کو عزت نہیں دی۔امیت شاہ نے کہا ’’ راہل گاندھی ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن جب تک بی جے پی اقتدار میں ہے، ایسا نہیں ہوگا‘‘ ۔ انہوں نے راہل گاندھی کو کشمیر میں دفعہ 370 واپس لانے کا بھی چیلنج کیا۔امیت شاہ نے کہا ’’ راہول بابا کشمیر گئے اور وہاں کہا کہ اگر ان کی حکومت بنتی ہے تو دفعہ 370 کو واپس لایا جائے گا لیکن میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ صرف آپ ہی نہیں آپ کی تیسری نسل بھی دفعہ 370 واپس نہیں لا سکے گی۔ ‘‘ امیت شاہ نے زور دیکر کہا ’’کشمیر ہمارا ہے، اس پر کوئی آنکھ نہیں اٹھا سکتا۔ ‘‘ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس اگنیور اسکیم کے بارے میں لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹ پھیلا رہی ہے، جب کہ بی جے پی نے ہریانہ کے ہر اگنیور کو مستقل سرکاری نوکری دینے کا عہد کیا ہے۔شاہ نے کہا ’’کانگریس یہ وہم پھیلا رہی ہے کہ اگنیور کو ملازمت کی مدت پوری ہونے کے بعد بے روزگار چھوڑ دیا جائے گا لیکن مرکز اور ہریانہ کی حکومت پی ایم نریندر مودی کے فیصلے کے مطابق ہریانہ کے ہر اگنیور کو پنشن کی سہولت کے ساتھ مستقل سرکاری ملازمت فراہم کرے گی۔ راہول گاندھی کے پاس افواہیں پھیلانے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔