0

سمایل فاؤنڈیشن اور الھدی فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے سرینگر میں سماجی تقریب کا انعقاد

شہزادی کونین حضرت زہرا(س) کی سیرت میں ابدی سعادت کے علاوہ ایک خوشحال گھرانے کا راز مضمر : شیخ فردوس علی

سرینگر// سمایل فاؤنڈیشن اور الھدیٰ فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے نقاش پورہ بربر شاہ میں ایک پررونق سماجی محفل کا انعقاد ہوا جس میں فاؤنڈیشن کی جانب سے ٦٠ مستحق لڑکیوں کے درمیان شادی بیاہ کا ضروری سامان تقسیم کیا گیا۔یہ لڑکیاں آنے والے دنوں میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہورہی ہیں جن کو شادی بیاہ کے بنیادی اور ضروری ساز و سامان کی اشد ضرورت تھی۔اس محفل میں ان لڑکیوں کے علاوہ علمائے کرام اور سماجی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں مہمان خصوصی کے فرائص رحمۃ للعالمین فاونڈیشن کے سربراہ شیخ فردوس علی نے انجام دئے۔


اس موقع پر شیخ فردوس علی نے کہا کہ ہمیں اپنے گھروں کے اندر دینی ماحول پیدا کرکے اپنے بچیوں کے لئے ایک دیندار لڑکے کا انتخاب کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ آج کے پرآشوب دور میں دینداری کے بجائے دنیاداری کو ترجیح دی جارہی ہے جو بعد مین مختلف سماجی برائیوں جیسے گھریلو تشدد،خودکشی اور طلاق وغیرہ کا سبب بن رہا ہے ۔شیخ صاحب نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ شادی بیاہ کو آسان سے آسان تر بنایا جائے تاکہ شادی کی عمریں پار کرنے والی دسیوں ہزار بیٹیوں کے ہاتھوں پر بھی مہندی لگ جائے ۔انہوں نے کہا کہ رشتہ ازدواج کے حوالے سے سوچ سمجھ کر ہی اقدامات اٹھائیں جائیں اور میاں بیوی کے انتخاب میں دینداری سے کام لیا جائے ۔شیخ فردوس علی نے شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو دنیا خاص طور پر امت مسلمہ کی بیٹیوں کے لئے مشعل راہ قرار دیا اور کہا کہ آپ کی سیرت میں ابدی سعادت کے علاوہ ایک خوشحال گھرانے کا راز مضمر ہے۔آخر پر شیخ فردوس علی نے سمایل فاؤنڈیشن اور الھدیٰ فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے صمیم قلب سے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ سماج میں اس طرح کی خدمات کی اشد ضرورت ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں