ہم دفاعی معاملات میں ہندوستان کو مکمل طور پر آتمنربھر بنانا چاہتے ہیں/ راجناتھ سنگھ
حکومت بننے سے پہلے ہی ہمیں یقین تھا کہ تیسری مدت میں بھی ہمارے حکموت ہوگی
سرینگر // اپوزیشن جماعتوں پر ملک کا وقت اور وسائل برباد کر نے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم دفاعی معاملات میں ہندوستان کو مکمل طور پر آتم نر بھر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے بننے سے پہلے ہی ہمیں یقین تھا کہ تیسری مدت کی حکومت وزیر اعظم مودی کی قیادت میں این ڈی اے کی ہوگی۔ سی این آئی کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مرکزی حکومت کی طرف سے دفاع کے معاملات میں ہندوستان کو مکمل طور پر آتم نربھر بنانے کی کوششوں پر زور دیا ۔ خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پہلے 100 دنوں میں جس روڈ میپ کی پیروی کی جائے گی وہ پہلے سے تیار کی گئی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اس دوران کئی اہم فیصلے کئے۔انہوں نے کہا ’’ ہم اپنی حکومت کی تیسری میعاد کے پہلے 100 دن مکمل کر رہے ہیں۔ آج وزیر اعظم مودی کی سالگرہ بھی ہے جب ہم 100 دن پورے کر رہے ہیں‘‘۔ راجناتھ سنگھ نے کہا ’’ میں اسے ایک خوش کن اتفاق سمجھتا ہوں۔ جہاں تک ہماری حکومت کا تعلق ہے، میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس حکومت کے بننے سے پہلے ہی ہمیں یقین تھا کہ تیسری مدت کی حکومت پی ایم مودی کی قیادت میں این ڈی اے کی ہوگی‘‘۔ اس وقت وزیر اعظم مودی نے کابینہ کی میٹنگ میں کہا تھا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد تمام وزارتوں کو پہلے 100 دنوں میں ہونے والے کاموں کا منصوبہ بنانا چاہیے۔ منصوبے پہلے سے بنائے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا ’’ کابینہ کی تشکیل کے بعد، تمام متعلقہ کابینہ کے فیصلے فوری طور پر کیے گئے اور ہم نے اسے حتمی شکل دینا شروع کردی۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ ہماری حکومت نے کئی اہم فیصلے کیے جو قابل ذکر ہیں۔ ہم دفاعی معاملات میں ہندوستان کو مکمل طور پر آتمنربھر بنانا چاہتے ہیں۔ ‘‘ سنگھ نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر الزام لگایا کہ وہ ملک کا وقت اور وسائل برباد کر رہے ہیں۔