0

تمام غلط اقدامات کو درست کرنے کیلئے سب کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا/ عمر عبداللہ

کانگریس کے ساتھ پری پول الائنس کا فیصلہ آسان نہیں تھا
ظلم اور ناانصافی کیخلاف جنگ کسی ایک فرد لڑائی نہیں

سرینگر // ظلم اور ناانصافی کیخلاف جنگ کسی ایک فرد لڑائی نہیں ہے کا اعلان کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا کہ جو جدوجہد ہمارے سامنے ہے ، وہ آسان لڑائی نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام غلط اقدامات کو درست کرنے کیلئے سب کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ سی این آئی کے مطابق عمر عبد اللہ کی رہائش گاہ پر ایک تقریب انعقاد ہوا جس دوران پی ڈی پی لیڈر ایڈوکیٹ ریاض احمد خاور ،ضلع صدر اپنی پارٹی ریاض احمد بٹ اور اُن کے ساتھیوں کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام نے سخت ترین مشکلات دیکھے، سختی اور ظلم کے علاوہ گذشتہ6برسوں کے دوران ہم نے کچھ نہیں دیکھا، پکڑ دھکڑ، گرفتاریاں، ہراسانیاں، نوجوانوں کی تنگ طلبی ، مختلف قوانین کا استعمال، مقامی جیل بھر گئے تو یہاں کے قیدیوں کو باہری جیلوں میں بھیجا گیا، پی ایس اے کا اندھا دھند استعمال کیا گیا، اس سب کو ہمیں ٹھیک کرنا ہے ۔ ہم نے وعدہ کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت جمو ں وکشمیر میں پی ایس اے کا قانون ختم کردے گی تاکہ مستقبل میں اس کا غلط استعمال نہ ہوسکے۔ آج ہمارے نوجوانوں کو نوکری، پاسپورٹ اور قرضوں کیلئے مقصود ویری فکیشن پر ذہنی کوفت کا شکار بنایا جاتا ہے، ہم نے وعدہ کیا ہے کہ ہم اس ویری فکیشن کے عمل کو آسان بنا دیںگے، جیسے ہم نے اپنی سابق حکومت کے دوران کیا تھا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ سیاسی لیڈران کیساتھ ساتھ ہمیں اُن مسائل و مشکلات کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے جو یہاں کے عوام کو روزمرہ زندگی میں درپیش ہیں۔ ہم نے اپنے منشور میں بے روزگاری کے سنگین مسئلے سے نمٹنے کیلئے روزگار پالیسی بنانے کا وعدہ کیا ہے، ہم نے بجلی سپلائی میں معقولیت کیساتھ ساتھ فیس میں راحت اور پینے کے پانی کے فیس میں راحت دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ہم نے بیوائوں، بزرگوں اور معاشی طور کمزور طبقوں کیلئے اُن سکیموں کی بحالی کا بھی وعدہ کیا ہے جس حالیہ برسوں میں بند کی گئیں ہیں۔ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے جموں وکشمیر کے بچوں کو یونیورسٹی تک مفت تعلیم کا حق دیا تھا لیکن گذشتہ برسوں کے دوران ایک ایک کرکے اس میں کمی کی گئی، ہم نے اپنے منشور میں اعلان کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت بننے کی صورت میں ہم یونیورسٹی تک مفت تعلیم کی بحالی عمل میں لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں