Images (2)

40روزہ چلہ کی کل رُخصتی کے موقعہ پرکشمیرکے خشک موسم میں تبدیلی کے نمایاں آثار

رات کوبادلوں کے جماﺅ اور درجہ حرارت میں بہتری کا نتیجہ
پیرپنچال کے آرپاربالائی علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری کاسلسلہ جاری
تاریخی مغل روڑ آمدورفت کیلئے بند،28جنوری سے3فروری تک برف وباراں کاامکان

سرینگر// اب جبکہ 40روزہ چلہ کلان کے آج39دن پورے ہونگے اور کل سردیوں وبرف باری کیلئے مشہور یہ دورانیہ رُخصت پذیر ہوگا ،تو کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال اور وادی چناب میں طویل خشک موسمی صورتحال میں تبدیلی کے آثار پیدا ہوگئے ہیں ،کیونکہ گزشتہ48گھنٹوںکے دوران بالائی مقامات اور پہاڑی علاقوںمیں وقفے وقفے سے یارُک رُک کر ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔پیرکی گلی میں تازہ برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کے باعث خطہ پیرپنچال کو شوپیان ضلع سے ملانے والا تاریخی مغل روڑ بند ہے ۔اس دوران شبانہ درجہ حرارت میں بہتری اور دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے 28جنوری سے3فروری تک بالائی علاقوں اور کہیں کہیں میدانی ونچلے علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشوں کاامکان ظاہر کیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات نیز جمعہ کی صبح گلمرگ ،سونہ مرگ ،گریز،یوسمرگ ،زوجیلا،شوپیان ،کرناہ ،پیرکی گلی میں ہلکی برف باری ہونے کے بعد جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب نیزہفتہ کی صبح سونہ مرگ،زوجیلا اور سنتھن پاس میں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ملیں۔حکام نے بتایاکہ سونمرگ، گلمرگ، سنتھن ٹاپ، مغل روڈ، کرناہ، رازدان پاس اور زوجیلا پاس جیسے بلند مقامات پر ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں رہنے والے لوگ اب بھی اس موسم کی پہلی برف باری کا انتظار کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے رواں موسمی صورتحال میں آنے والے دنوں کے دوران تبدیلی آنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ 28جنوری سے3فروری تک بالائی علاقوں اور کہیں کہیں میدانی ونچلے علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشوں کاامکان ہے۔ہفتہ کی صبح محکمہ موسمیات سری نگر سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد کی جانب سے موسمی صورتحال میں تبدیلی سے متعلق تازہ جانکاری نیزایڈوائزری جاری کی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ27جنوری بروز ہفتہ کو مطلع ابرآلود رہنے کے بیچ شام تک الگ تھلگ اونچے مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے بتایاکہ 18اور29جنوری کو مطلع جزوی طور پر ابر آلودرہنے کے بیچ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش وبرفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات سری نگر سینٹر کے ڈائریکٹرکاکہناتھا کہ 30اور31جنوری کو بھی کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش وبرفباری کا امکان ہے جبکہ یکم فروری سے 3فروری کے دوران بھی کئی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے کہ موسمی نظام کی وجہ سے اونچی رسائی والی سڑکوں اور اہم گزرگاہوں بشمول سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا اور رازدان پاس، زوجیلا، وغیرہ پر سڑکیں عارضی طور پرخاص طور پر 28سے31 جنوری کے دوران بند ہوسکتی ہیں۔ متعلقہ محکمے نے کہا کہ مسافروں کو اس کے مطابق منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔دریں اثناءآسمان پر بادل چھائے رہنے کے بیچ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات مطلع ابرآلود رہنے کے باعث سری نگر سمیت پورے کشمیرمیں شبانہ ٹھنڈ میں قابل قدر کمی ریکارڈ کی گئی ،کیونکہ بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں کئی کئی ڈگری سینٹی گریڈ کااضافہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں