جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عامۃ المسلمین کو مولود کعبہ حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالبؑ کی ولادت باسعادت پر مبارک بادی پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی اور مسلمین عالم کے اخوت و اتحاد کیلئے دعا کیآغا صاحب نےاپنے پیغام میں کہا خدا تعالی اور پیغمبر اکرم پر ایمان رکھنے والوں کے لئے ۱۳ رجب المرجب کا دن بہت بڑی خوشی کا دن ہے کیونکہ اس دن نفس رسول ‘ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کعبے کے اندر متولد ہوئےاور خانہ کعبہ میں تولد ہونا بذات خود ایک ایسی عظیم سعادت ہے جو علی(ع) سے پہلے کسی کو نصیب نہ ہوئی اور نہ قیامت تک کوئی ایسی سعادت سے سرفراز ہوسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی کے سیرت و کردار کا ہر پہلو عظمتوں اور فضیلتوں کا منارہ ہے تاہم مولائے کائنات کے عظمت و عزیمت کا روشن ترین پہلو اسلام اور مسلمین کی سربلندی اور رسول اکرم کی نصرت و حمایت کیلئے ان کا عملی کردار ہے۔ مولائے کائنات سے عقیدت و وابستگی کا دعویٰ ہم سے خدا و رسول کی اطاعت کے ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ کی سربلندی کیلئے احساس ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی علیہ السلام کے سیرت و کردارمیں یہی دعوت فکر ہے کہ مسلمان اپنے دین و ملت کے امورات سے لا تعلق نہ رہیں آغا صاحب نے مزیدکہا حضرت علیؑ کی حیات طیبہ مسلمانان عالم کے لئے نمونہ عمل ہے ہم سب کو چاہیے کہ ہم اس کو اپنائیں‘ صبر و تحمل اور عمل و استقامت کا دامن تھام کر آپ کی تعلیمات کی روشنی میں آپ کے دیئے ہو ئے نظام کی تشکیل کے لئے کوشاں رہیں تاکہ انسانیت کو فلاح و نجات سے ہمکنار کیا جاسکے
0