اُن عناصر کیخلاف صف آراء ہونا چاہئے جو ریاست کا نام و نشان مٹانے کے درپے /ڈاکٹر فاروق
سرینگر // نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر عبد اللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کی وحدت، انفرادیت اور شناخت کیساتھ ساتھ تینوں خطوں کے عوام کے تہذیب و تمدن اور مذہبی آزادی کو واقعی زندہ رکھنا ہے تو ہمیں متحدہ ہوکر اُن عناصر کیخلاف صف آراء ہونا چاہئے جو اس تاریخی ریاست کا نام و نشان مٹانے کے درپے ہیں۔ ہمیں نہ ان عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا ہے جبکہ ان کے مقامی آلہ کاروں کو بھی مکمل طور پر مسترد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سی این آئی کے مطابق اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کرناہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت و سابق ایم ایل سی خواجہ جاوید احمد مرچال کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے پر ان کا استقبال کیا ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ نئی دلی نے گذشتہ5برسوں سے جموںوکشمیر کے عوام کو جو ظلم وستم اور مشکلات کے پہاڑ ڈھائے ہیں، وہ ایک درد بھری داستان ہے۔ یہ لوگ ہمیں اور ہماری اس تاریخی ریاست کے وجود، مذہبی آہنگی، بھائی چارہ اور آبادیاتی تناسب کو تہس نہس کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ موجودہ مرکزی حکومت ایک ہی نشان اور ایک رنگ کے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں لیکن ہندوستان ایک باغ ہے جس میں ہر قسم کے پھول، یعنی مختلف طبقوں اور مذہبوں کے لوگوں کو اپنی زندگی من مرضی بسر کرنے کی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں سے تاکید کی کہ وہ لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اُن کے دکھ سکھ میں پیش پیش رہیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔