اسمبلی انتخابات سے قبل نیشنل کانفرنس کے ساتھ پری پول الائنس پر تبادلہ خیال ہوگا
اسمبلی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ جموں اور سرینگر میں اہم ملاقات ہوگی
سرینگر // جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے آج یعنی بدھ سے دو دن کیلئے جموں و کشمیر وارد ہو رہے ہیں ۔ دورے کے دوران انتخابات سے قبل نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد پر بھی تبادلہ خیال ہوگا ۔ سی این آئی کے مطابق کانگریس لیڈر راہول گاندھی بدھ کو دو روزہ دورے جموں کشمیر پر وارد ہو رہے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی جموں اور سرینگر کا دورہ کریں گے اور نیشنل کانفرنس کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کیلئے قبل از انتخابات اتحاد کے طریقوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ذرائع نے کہا’’ دورے کے دوران گاندھی نیشنل کانفرنس لیڈروں کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ قبل از انتخابات اتحاد تقریباً حتمی ہے‘‘۔گاندھی جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ اتحاد کیلئے سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔کانگریس کے جنرل سیکرٹر ی کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں اہم میٹنگوں کے لیے جموں اور سری نگر کا دورہ کریں گے۔وینوگوپال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’21 اور 22 اگست کو، کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی آنے والے اسمبلی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں اہم میٹنگوں کیلئے جموں اور سری نگر کا دورہ کریں گے‘‘۔