0

پیجرز حملہ اسرائیلی رجیم کی سفاکیت و بربریت کو ظاہر کرتا ہے، ایرانی صدر

ایران// اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے صیہونی حکومت کے لبنان میں دہشت گردانہ سائبر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ اس رجیم کی وحشت و بربریت کو ظاہر کرتا ہے۔

صدر پزشکیان نے بدھ کو اپنی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ اوزار اور آلات جو عام طور پر بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود کے ذرائع کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، ان درندہ صفت قوتوں کی جانب سے انسانیت کے خلاف دہشت اور تباہی کے آلے کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں، یہ طرزعمل انسانیت کے زوال اور ظلم و بربریت کے غلبے کو ظاہر کرتا ہے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ اگرچہ مغربی ممالک اور امریکی دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ جنگ بندی کے خواہاں ہیں لیکن عملی طور پر وہ صیہونی حکومت کے جرائم اور وحشیانہ قتل عام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں اور عالم اسلام کے خلاف صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے جرائم کو روکنے کا واحد حل مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں ہی مضمر ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے منگل کے روز پیجرز کے نام سے معروف ٹیلی کمیونیکیشن ڈیوائسز پر سائبر دہشت گردانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکڑوں لبنانی عام شہری اور حزب اللہ کے اہلکار زخمی جب کہ ایک فلسطینی بچی سمیت 12 افراد شہید ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں