شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان نے پارہ چنار میں جاری شیعہ نسل کشی اور کراچی میں پُرامن احتجاجیوں پر حکومتی تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ مکمل متن درج ذیل ہے:
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمنِ الرَّحِیْمِ
۔۔۔ وَکُوْنَا لِظَّالِمِ خَصْماً وَّ لِلْمَظْلُوْمِ عَوْناً ۔۔۔
امام علی علیہ السلام نے وصیت کرتے ہوئے حسنین علیہما السلام سے فرمایا: ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار بنے رہنا (نہج البلاغہ، خطبہ 47)
کئی مہینوں سے پاکستان کے پارہ چنار میں تکفیری دہشت گردوں کے ذریعہ مومنین کا قتل عام اور ان کا محاصرہ جاری ہے جس کو روکنے میں حکومت پاکستان مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
اِس ظلم و نا انصافی پر حکومت پاکستان سے ناامید ہوکر ،پاکستان کے شجاع اور غیور علماء نےمومنین کے ساتھ مل کر صدائے احتجاج بلند کی اور دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان بھر میں احتجاجی جلسے ہونے لگے جس سے حکومت پاکستان نے پارہ چنار کے مظلوموں کو انصاف دینے کے بجائے اِس ظلم پر صدائے احتجاج بلند کرنے والے علماء، طلاب اور مومنین پر تشدد شروع کردیا جس میں حجۃ الاسلام مولانا سید حسن ظفر نقوی صاحب شدید زخمی ہوگئے۔
اس قبیح فعل کے ذریعہ حکومت پاکستان نے دنیا کی توجہ پارہ چنار سے ہٹانے کی کوشش کی ہے ۔
شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان ،پُرامن احتجاجیوں پر کراچی پولس کے ذریعہ تشدد کرنےاور پارہ چنار میں تکفیریوں کو کھلی چھوٹ دینے پر حکومت سندھ اور حکومت پاکستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے تقاضا کرتی ہے کہ جلد سے جلد پارہ چنار کے مومنین کا محاصرہ ختم کرائے اور تکفیری دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور اس سلسلہ میں گرفتار کئے گئے مومنین کو فوراً رہا کیا جائے۔
شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان