وادی بھر میں بڑے بڑے اجتماعات ،سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرتبل میں منعقد
ہزاروں زائرین نے حاضری دیکر نماز پنجگانہ میں شرکت کی ، موئے مقدسؐ کے دیدار سے بھی فیضاب
سرینگر // ولادت باسعادت پیغمبر آخروزماں رسول اللہ ﷺؐ کے سلسلے میں عید میلادالنبیؐ کی تقریبات پوری دنیا کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی منائی گئی ۔ جموں کشمیر کے بڑے خانقاہوں ،مساجد، درگاہوں اور زیارتگاہوں میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے اور وادی کشمیر میں سب سے بڑی تقریب آثار شریف حضرتبل سرینگر میں منعقد کی گئی جہاں پر وادی کے اطراف و اکناف میں آنے والے ذائرین نے حاضری دی جس دوران عقیدت مندوں کو نماز پنجگانہ پر موئے مقدسؐ کے دیدار سے فیضاب کیا گیا ۔ درگاہ حضرتبل میں نماز فجر سے ہی درودوازکار ، نعت و مناجات کی محفلیں آراستہ ہوئی جس میں عقیدت مندوں نے آقائے نام دار حضرت محمد ؐ کے حضور گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔ سی این آئی کے مطابق عیدمیلاد النبیؐ کی تقریبات کے سلسلے میںجہاں پوری دنیا میں امت محمدیہؐ کی جانب سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں جن میں رحمت اللعالمینؐ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے جارہے ہیں وہیں جموں کشمیر میں بھی اس سلسلے میں بڑی بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو 12ربیع الاول کو ولادت باسعادت پر وادی کشمیر میں بھی میلاد کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد کی گئی جس میں قریب ایک لاکھ توحید پرستوںنے شرکت کی ۔ درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی اس سب سے بڑے اجتماع میں وادی کشمیر کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی جن میں بچے بوڑھے ،مرد و خواتین شامل تھیں ۔ درگاہ حضرتبل میں آج نماز فجر سے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے حاضری دی جہاں پر زائرین کو ہر نماز کے بعد موئے مقدس ؐ کے دیدار سے فیضیاب کیا گیا ۔ادھر وادی کے دیگر آستانوں، زیارت گاہوں اور مساجد میں بھی اس سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ آثار شریف شہری کلاش پورہ، آثار شریف پنجورہ شوپیاں، آستان عالیہ جانب صاحب صورہ ، آستان عالیہ شیخ عبدالقادر جیلانیؒ دستگیر صاحب خانیار اور سرائے بالائے کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس دوران جنوبی کشمیر کے کولگام، پلوامہ ، شوپیاںاور اننت ناگ کے علاوہ ترال ، پانپور اور دیگر جگہوں سے ابھی اطلاعات موصول ہوئی ہے کہ یہاں پر بھی عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے جبکہ شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ، بارہمولہ، ہندوارہ ، سوپور اور ٹنگمرگ، بانڈی پورہ، سنبل اور حاجن میں بھی عاشقان رسول ؐ کی جانب سے اجتماعات منعقد ہوئے اس کے علاوہ سطی کشمیر کے شہر سرینگر ، گاندبل اور بڈگام میں بھی اسی طرح اجتماعات منعقد ہونے کی اطلاع ہے جبکہ توریخی جامع مسجد سرینگر میں بھی عید میلادالنبی ؐ کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی ۔ اس دوران عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں خاص کر شہر سرینگر کے مختلف چوراہوں، بازاروں کو سجایا گیا تھا ۔ دریں اثناء صوبائی انتظامیہ کشمیر اورضلع انتظامیہ سرینگر نے مختلف سرکاری اداروں جن میں محکمہ ہیلتھ، محکمہ آب رسانی، محکمہ بجلی ، محکمہ آر اینڈ بی اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے علاوہ جموں وکشمیر بینک اورکچھ رضاکار انجمنوں واداروں کے اشتراک سے درگاہ حضرتبل آنے والے ہزاروں فرزندان توحید اورعاشقان رسول ؐکوہرممکنہ سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ٹریفک کی آسان آواجاہی کیلئے پہلے سے ہی محکمہ ٹریفک نے روٹ پلان مرتب کیا ہوا تھا ۔اورشہرسرینگر اوروادی کے مختلف علاقوں سے حضرتبل پہنچنے والی نجی اورمسافربردار گاڑیوں کیلئے الگ الگ روٹ مقررکئے گئے ہیں۔