بھارت امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی پہل
سرینگر // وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جمعہ سے شروع ہونے والے امریکہ کا چار روزہ دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دیا جاسکے۔سی این آئی کے مطابق دورے کے دوران وزیر دفاع راجناتھ سنگھ واشنگٹن میں وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے بات چیت کریں گے۔حکام نے منگل کو بتایا کہ پریڈیٹر ڈرونز کی خریداری کا بھارت کا منصوبہ، اسٹرائیکر انفنٹری لڑاکا گاڑیوں کی مجوزہ مشترکہ تیاری اور بھارت میں GE F414 انجنوں کی مشترکہ پیداوار، آسٹن کے ساتھ وزیر دفاع کی بات چیت میں نمایاں طور پر شامل ہونے کا امکان ہے۔وزارت دفاع نے راجناتھ سنگھ کے 23 سے 26 اگست تک امریکہ کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے ہندوستان امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی امید ہے۔اس نے کہا’’ یہ دورہ ہندوستان امریکہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار اور متعدد سطحوں پر دفاعی مصروفیات کے پس منظر میں آیا ہے‘‘۔ راجناتھ سنگھ امریکی دفاعی صنعت کے ساتھ جاری اور مستقبل کے دفاعی تعاون پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ وہ اس دورے کے دوران ہندوستانی برادری سے بھی بات چیت کریں گے۔