منجیت سنگھ کی صدارت میں اپنی پارٹی کا صوبائی سطحی اجلاس منعقد
جموں وکشمیر میں جمہوری نظام کی بحالی کیلئے جلد اسمبلی انتخابات کا مطالبہ
ایل جی انتظامیہ میں بطور صلاحکار جموں وکشمیر کے لوگوں کی عدم نمائندگی پر اُٹھائے سوال
جموں:اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر سردار منجیت سنگھ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہوری نظام کی بحالی کے لئے جلد اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ موصولہ بیان کے مطابق منجیت سنگھ نے ہفتہ کے روز پارٹی دفتر گاندھی نگر جموں میں صوبائی سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع صدور، مختلف ذیلی اکائیوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع سطح پر پارٹی تنظیمی ڈھانچہ اور اِس کی فعالیت کا جائزہ لیا۔
صوبائی صدر جموں نے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے پرزور دیا۔ انہوں نے پارٹی پالیسی اور ایجنڈے کوعوامی پذیرائی ملنے پر لیڈران کی تعریف کی جنہوں نے پارٹی پیغام کو عوام تک پہنچانے میں اپنا اہم رول ادا کیا۔
انہوں نے پارٹی لیڈران کو ہدایت کی کہ وہ سبھی خطوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنانے کے لئے فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی پالیسی متعلق پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کے پیغام کو عام کریں۔
منجیت سنگھ نے کہاکہ ”اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کو اِس مشکل سے باہر لانا چاہتی ہے۔ اگر اسمبلی انتخابات ہوتے ہیں اور اُس میں اپنی پارٹی اکثریت حاصل کرتی ہے تو دونوں صوبوں کے لوگوں کے تعاون سے اگلی حکومت جموں وکشمیر میں ہماری جماعت بنائے گی“۔انہوں نے کہاکہ موجودہ یوٹی انتظامیہ سے لوگ اُکتا چکے ہیں جن کی کہیں سنوائی نہیں ہورہی اور ترقیاتی پروجیکٹ بھی تعطل کا شکار ہیں۔ بدقسمتی سے ترقی سماج کے چیدہ چیدہ حلقہ کو فائیدہ پہنچانے کے لئے کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بیروکریٹس کے آمرانہ ومتکبرانہ رویہ کو ختم کرنے اور اُن میں جوابدہی لانے کے لئے انتخابات ناگزیر ہیں اور یہ تبھی ممکن ہوسکتا ہے جب منتخب حکومت ہو، لہٰذا لوگوں کے روزگار ، قدرتی وسائل سے متعلق حقوق کے تحفظ اور یکساں ترقی کے لئے انتخابات کرائے جانے چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر سے ایک بھی لیفٹیننٹ گورنر کا صلاحکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا”اگر ایل جی انتظامیہ میں صلاحکار اور ٹاپ سطح کی بیروکریسی جموں وکشمیر سے نہیں تو پھر لوگوں کو کیسے انصاف مل سکتا ہے۔ وہ زمینی حقیقت اورمشکلات سے ناواقف ہیں لہٰذا وہ لوگوں کو اُن کے مسائل کا حل نہیں دلاسکتے۔
انہوں نے پارٹی لیڈران سے کہاکہ وہ زمینی سطح پر لوگوں کے لئے کام کریں۔ اُن کے مسائل کو اُجاگر کریں۔اس اجلاس میں صوبائی نائب صدرو سابق ایم ایل اے فقیر ناتھ، معاون جنرل سکریٹری ارون چھیبر، صوبائی سکریٹری/ضلع صدر جموں اربن ڈاکٹر روہت گپتا، ایس سی ونگ کے ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، اپنی ٹریڈ یونین ریاستی صدر اعجاز کاظمی، ریاستی کارڈی نیٹر او بی سی ونگ مدن لال چلوترا، ریاستی صدر ایس ٹی ونگ سلیم چودھری، ریاستی جنرل سکریٹری یوتھ ونگ ابھے بکایہ، صوبائی جوائنٹ سکریٹری کلونت سنگھ، ضلع صدر دیہی-اے پشپ دیو اُپل، ضلع صدر دیہی-بی ایڈووکیٹ ہرپریت سنگھ، ضلع صدر ادھم پور ہنس راج ڈوگرہ، ضلع صدر ڈوڈا رورل انیل کمار، ضلع صدر سانبہ رمن تھاپا، صوبائی صدر خواتین ونگ جموں، پونیت کورنے شرکت کی۔