معروف عالم دین علامہ میر شیخ مہدی حسین ہمدانی النجفیؒ کی چوبیسویں برسی پر تعزیتی مجلس کا انعقاد
شرکاء نے مرحوم کی دینی و فلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا
سرینگر؍؍وادی کے معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ میر شیخ مہدی حسین ہمدانی النجفیؒ کی چوبیسویں برسی کے حوالے سے وسطی ضلع بڈگام کے خندہ علاقے میں انہیں خراجِ عقیدت ادا کرنے کے لئے ایک تعزیتی مجلس کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی کے اطراف سے آئے ہوئے بہت بڑی تعداد میں عقیدتمندوںنے شرکت کی۔ علماء نے ان کی زندگی پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیںبلکہ ان کی زندگی دینی فلاحی اور علمی خدمات سے پُر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوبیس سال کا عرصہ گزر نے کے باوجود بھی لوگوں کے دلوں میں ان کی یادترو تازہ ہے کیونکہ انہوں نے دین اسلام کی جس طرح سے خدمت کی ہے وہ اپنے آپ میں ایک تاریخ ہے۔ علماء نے کہا کہ دین مبین کی خدمت کے لئے انہوں نے وادی کے کونے کونے کا سفر کیااورمشکل و کھٹن حالات کا پرواہ کئے بغیر اپنا تبلیغی سفر جاری رکھا۔ انہوںنے کہا کہ دینی مدارس اور مروجہ تعلیم کو یکساں طور پر لوگوں کو اس کی طرف راغب کرنے میں ان کا کلیدی رول رہا ہے۔ ان کی بیش بہا خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔اس تعزیتی مجلس کا اہتمام پیروان ولایت جموں و کشمیر نے کیا تھا۔ مرحوم کے فرزند مولانا سبط محمد شبیر قمی نے لوگوں کے اس جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آج بھی لوگوں نے ان کی یاد میں جمع ہو کر خراج عقیدت ادا کیا میں انہیں سلام پیش کرتا ہوںاور ساتھ ہی ساتھ دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔