لوگوں کی مشکلات حل کرنا عظیم ترین عمل صالح ہے: آیت اللہ العظمیٰ مظاہری
ایران// لوگوں کی مشکلات کو حل کرنا اور ان کی مدد کرنا بہترین اور عظیم ترین عمل صالح ہے اور قرآن و حدیث میں بھی اس سلسلے میں تاکید کی گئی ہے۔
اصفہان اسلامی کونسل کے چیئرمین اور اس کے اراکین نے اس شہر کے میئر کے ہمراہ آیت اللہ العظمیٰ مظاہری سے ملاقات کی، اس ملاقات میں حضرت آیت الله العظمیٰ مظاہری نے بندگان خدا کی خدمت اور اس کی اہمیت و ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا: لوگوں کی مشکلات کو حل کرنا اور ان کی مدد کرنا بہترین اور عظیم ترین عمل صالح ہے اور قرآن و حدیث میں بھی اس سلسلے میں کافی تاکید کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام اور منتظمین کو چاہئے کہ وہ مختلف شعبوں میں عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو حل کرنے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دوسروں کے مقابل اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے اس سلسلے میں سنجیدگی سے سوچیں اور اس پرعمل کریں۔
انہوں نے اپنے گفتگو کے آخر میں لوگوں کے نا گفتہ بہ حالات، خاص طور پر معاشی حالات کی جانب اشارہ کیا اور کہا: مسائل اور مشکلات کا زیادہ ہونا اور وسائل کا کم ہونا، کبھی بھی مشکلات کے حل میں کندی اور مایوسی کا باعث نہیں بننا چاہیے، کیونکہ تجربے نے ثابت کیا ہے کہ جو بھی شخص مضبوط اور محکم ارادہ رکھتا ہے وہ اللہ تعالیٰ پر توکل کرکے اپنی حیثیت کے اعتبار سے عوام کی بہترین خدمت کرسکتا ہے، اور لوگوں کی معاشی مشکلات کو کم کرسکتا ہے۔