حضرت مسیح علیہالسلام کے بارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بیانات پر مشتمل ایک خوبصورت اور گراں قدر لوح پاپ کو پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق، یہ لوح، جسے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہای کے بیانات کی روشنی میں دفتر حفظ و نشر آثار حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے تیار کیا اور اطالوی زبان میں ترجمہ کیا تھا، جسے ویٹیکن میں جمہوری اسلامی ایران کے سفیر حجۃ الاسلام والمسلمین مختاری نے ایک ملاقات کے دوران پاپ فرانسس کو پیش کی۔ پاپ نے اس تحفے کا پرجوش خیرمقدم کیا اور خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔
پاپ فرانسس نے اس موقع پر کہا: “یہ لوح اہم نکات پر مشتمل ہے اور حضرت مسیح کے پیروکاروں کے لیے نہایت اثر انگیز اور رہنمائی فراہم کرنے والی ہو سکتی ہے۔”
فلسطین کی صورت حال پر تشویش
اس ملاقات کے دوران پاپ فرانسس نے فلسطین کی صورت حال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “میں روزانہ اپنے نمائندے کے ذریعے فلسطین کے حالات، خبروں اور وہاں ہونے والے واقعات سے باخبر رہتا ہوں۔”
لوح کا متن
اس لوح کے متن، جسے اطالوی زبان میں ترجمہ کیا گیا، میں درج تھا: “اگر حضرت مسیح علیہالسلام ہمارے درمیان ہوتے…
حضرت مسیح علیہالسلام کی قدر و منزلت مسلمانوں کی نظر میں بلا شبہ دین مسیحیت پر ایمان رکھنے والے مسیحیوں سے کم نہیں۔ اس عظیم پیغمبر نے اپنی تمام زندگی لوگوں کے درمیان ظلم، تعدی اور فساد کے خلاف جدوجہد میں گزاری۔ وہ ان لوگوں کے خلاف کھڑے ہوئے جو طاقت و دولت کے بل پر اقوام کو غلام بناتے اور انہیں دنیا اور آخرت دونوں میں تباہی کی طرف لے جاتے تھے۔
اس عظیم پیغمبر نے بچپن سے ہی، جب خدا نے انہیں نبوت عطا کی، ان تمام مصائب کو اسی راہ میں برداشت کیا۔
توقع ہے کہ حضرت مسیح کے پیروکار اور وہ سب لوگ جو ان کی عظمت کو تسلیم کرتے ہیں، ان کی جدوجہد کو اپنا رہنما بنائیں۔
اگر آج حضرت مسیح علیہالسلام ہمارے درمیان ہوتے تو وہ ایک لمحہ بھی ظلم و استکبار کے سرداروں کے خلاف خاموش نہ رہتے اور جن لوگوں کی وجہ سے اربوں لوگ بھوک اور مصیبت کا شکار ہیں انہیں پل بھر برداشت نہ کرتے۔
آج، اس عظیم پیغمبر پر ایمان رکھنے والے، یعنی مسیحی اور مسلمان، دنیا میں ایک عادلانہ نظام کے قیام کے لیے انبیاء کی تعلیمات پر عمل کریں اور انسانی فضائل کو عام کریں۔ حضرت عیسیٰ علیہالسلام کی پیروی کا مطلب حق کا دفاع اور ظلم کے خلاف نفرت کا اظہار ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ دنیا کے مسیحی اور مسلمان حضرت مسیح علیہالسلام کے اس عظیم درس کو اپنی زندگی اور عمل میں زندہ رکھیں۔
رپورٹ کے مطابق، یہ قیمتی لوح ویٹیکن کے تاریخی میوزیم میں محفوظ کی جائے گی۔