ہندوستان کے مایہ ناز تیز گیندباز محمد شامی ممکنہ طور پر انگلینڈ کے خلاف 25 جنوری سے شروع ہونے والے پہلے دو ٹیسٹ میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے ٹخنے کی انجری کے بعد دوبارہ باؤلنگ شروع نہیں کی ہے۔ ایک اور پیشرفت میں، عالمی نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بلے باز سوریہ کمار یادیو کی کرکٹ میں واپسی میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق سوریہ کمار یادو ہرنیا میں مبتلا ہیں اور انہیں سرجری کی ضرورت ہے۔ توقع ہے کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کے آغاز سے قبل مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ذرائع نے کہا، ‘محمد شامی نے ابھی بولنگ شروع نہیں کی ہے۔ انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) جا کر اپنی فٹنس ثابت کرنا ہوگی۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں ان کا کھیلنا مشکوک نظر آرہا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ سوریہ کمار یادو کے معاملے میں بھی توقع سے زیادہ وقت لگے گا۔ ہرنیا کے آپریشن کے بعد انہیں ٹریننگ شروع کرنے میں آٹھ سے نو ہفتے لگ سکتے ہیں۔ امید ہے کہ وہ آئی پی ایل شروع ہونے سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔آپ کو بتادیں کہ محمد شامی کو جنوبی افریقہ کے خلاف 30 نومبر کو اعلان کی گئی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، تاہم 33 سالہ فاسٹ باؤلر کی دستیابی علاج کے بعد ان کی صحت یابی پر منحصر تھی۔
اس کے بعد بی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محمد شامی کی ٹیسٹ سیریز میں شرکت فٹنس پر منحصر تھی اور انہیں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے کلیئر نہیں کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی شامی کی واپسی میں جلدی نہیں کرے گا۔ اس کے پیچھے ایک اہم وجہ یہ ہے کہ پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز گھر پر کھیلی جا رہی ہے اور محمد سراج اور جسپریت بمراہ دستیاب ہوں گے۔ ہندوستانی میدانوں پر اسپنرز کا اہم کردار بھی سب کو معلوم ہے۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اسپنرز بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ایسی صورتحال میں ہندوستان کو اپنی تیز گیند باز تینوں (بمراہ، شامی اور سراج) کی زیادہ ضرورت نہیں پڑے گی۔
165