سرینگر//اتحاد و انسانیت کے عظیم علمبردار، محبوب ملت ،قائد مقاومت حجۃ الاسلام والمسلمین حضرت سید حسن نصراللہ(قدس سرہ) کے شہادت جانسوز کے سلسلے میں اتحادالمسلمین جموں وکشمیر کے زیر اہتمام عزاء خانہ گنڈ حسی بٹ میں ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی جس میں آقا سید حسن نصراللہ کے معتقدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے قائد بے ہمتا کو پرنم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس مجلس میں شرکاء نے پوری بشریت و مظلوم و مستضعفین جہاں بالخصوص حضرت ولی عصر (عج) اور آپ کے نائب برحق، رہبر عزیز حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو پرسہ پیش کیا اور اپنے رہبر کی بھر حمایت کا اعادہ کیا۔اس موقع پر اتحاد المسلمین جموں وکشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ قائد بے بدل حضرت سید حسن نصراللہ کی شہادت اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ شہید نصراللہ کی شہادت، مزاحمت و مقاومت کا اختتام نہیں بلکہ یہ نابودی اسرائیل کی تحریک کا رسمی آغاز ہے ،ایک نصراللہ کی شہادت سے اب دنیا بھر میں گھر گھر اور نگر نگر سے نصراللہ پیدا ہوں گے جو اسرائیل کو صفحہ ہستی سے نابود کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ مظلوم و مستضعف اقوام کے مسیحا کے طور پر ابھرے جنہوں نے آخری سانس تک بلا لحاظ مسلک ،مذہب و ملت انسانیت کی بقاء اور مسلمانوں کی فلاح کے لئے کام کیا اور اپنے جد بزرگوار حضرت ابوعبیدہ الحسین علیہ السلام کی طرح مال و جان اہل و انصار راہ خدا میں نثار کردیا ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ دشمن نے رات کے اندھیرے میں غیر قانونی طریقے سے وار کرکے ہمارے محبوب قائد کو ہم سے چھینا لیکن آپ بلند و بالا افکار اور کردار کی صورت میں زندہ ہے اور زندہ نصراللہ سے زیادہ شہید نصراللہ اسرائیل کی مکمل نابودی میں کردار ادا کرے گا۔
0