مزار قائد پر گلباری اور قرآن خوانی کی تقریب،
سینکڑوں معتقدین نے کیا خراج عقیدت پیش
سرینگر//برصغیر کے جید عالم دین ،خطیب بے بدل، شعلہ بیان مقرر،مصنف، ممتاز قلمکار،تحریک کشمیر کے بے باک قائد اور داعی اتحاد اسلامی حجۃ الاسلام والمسلمین مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کی دوسری برسی کے موقع پر مزار قائد گلستان بابا مزار پر گلباری، قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مرحوم کے سینکڑوں معتقدین نے شرکت کرکے اپنے قائد کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
شرکاء نے مرحوم قائد کی دینی، سیاسی،سماجی اور تعلیمی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لازوال مشن کو جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔
اس موقع پر علمائے کرام نے مرحوم مولانا محمد عباس انصاری کو قومی سرمایہ قرار دیتے ہوئے آپ کی رحلت کو امت مسلمہ بالخصوص ملت کشمیر کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا انہوں نے کہا کہ مرحوم نے جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبودی کے لئے جو خدمات انجام دی ان کو تادیر یادرکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ مرحوم شجاعت میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے اس عظیم قائد کے مشن کو جاری و ساری رکھا جائے۔