غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین پر مبنی ہے / سید ابراہیم رئیسی
ایران کے صدر نے “آئین کے نفاذ کی ذمہ داری” پر منعقدہ دوسری کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین پر مبنی ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ صیہونی نسل پرست حکومت کا نسلی امتیاز، فلسطینی عوام کا قتل و غارت، ناانصافی اور ظلم و جبر سب پر عیاں ہے اور اسوقت دنیا میں اس ظلم کے خلاف بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔ صدر ایران کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچوں کے پاکیزہ خون نے صحیح صورتحال سب پر عیاں کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ظالمانہ طریقے سے شہید ہونے والے 6 ہزار بچوں کے قاتل بہت جلد انتقام الہی کا شکار ہونگے اور غاصب صیہونی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔
صدر ایران نے غزہ اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کی حفاظت کا فریضہ اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کی خارجہ پالیسی کے بنیادی نکات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی صورتحال اور خطے میں کچھ لوگوں کی خواہشات ہماری خارجہ پالیسی کے اس بنیادی اصول کو نہیں بدل سکتیں۔