170750156 114

غزہ کے اسپتالوں اور میڈیکل اسٹاف پر حملے/ 27 اسپتال بند ہوگئے

غزہ // فلسطین کی ہلا ل احمر نے غزہ بھیجی جانے والی امداد کو ناکافی اور علاج معالجے کے مراکز کی صورتحال تشویشناک قرار دیتے ہوئے 27 اسپتالوں کے بند ہوجانے کی خبر دی ہے ۔

فلسطین الیوم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ غزہ کے عوام کے مسائل ومشکلات بہت زیادہ اور بھیجی جانے والی امداد بہت ناکافی ہے۔

فلسطین کی ہلال احمر نے کہا ہے کہ غزہ کے باشندوں کے لئے اس وقت روٹی کا حصول سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

فلسطین کی ہلال احمر سے وابستہ ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ کے 27 اسپتال بند ہوگئے ہیں، شمالی غزہ میں میڈیکل سرو‎سز رک گئی ہیں اور ملبے کے نیچے دبی لاشیں میڈیکل سروسز کے لحاظ سے غزہ کی المناک صورتحال کی گواہ ہیں۔

دوسری طرف غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے شعبہ دواسازی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشرف ابو مہادی پر فائرنگ کی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ ڈاکٹر اشرف ابو مہادی دواؤں کے گودام کی طرف جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی ۔

اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں کی اس فائرنگ میں ڈاکٹر اشرف ابو مہادی، ان کا ڈرائیور اور ایک اور شخص کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجی زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولنسوں پر بھی فائرنگ کررہے ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے اقوام متحدہ، اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیکل اسٹاف اور علاج معالجے کے مراکز کے عملے کے تحفظ سے متعلق قرار دادوں اور بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کرائيں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں