0

عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر مکتب امامیہ گانگوہ پلوامہ میں تقریب کا انعقاد

پلوامہ// مکتب امامیہ گانگوہ پلوامہ کی جانب سے عید میلادالنبی ﷺ کے مقدس موقع پر ۱۷ ربیع الاول کو مرکزی امام بارگاہ گانگوہ میں “جشن صادقین” کا انعقاد کیا گیا، جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت حجتہ الاسلام مولانا امجد علی صاحب نے کی جبکہ نظامت کے فرائض نثار حسین بٹ نے انجام دیے۔ مولانا امجد علی نے اپنے خطاب میں سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آل وسلم کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں، خصوصاً ان کی ولادت باسعادت سے وفات تک کے اہم واقعات بیان کیے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کو نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ قرار دیا۔

اس موقع پر مولانا نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے ان کی علمی اور دینی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ تقریب میں مکتب امامیہ سے وابستہ طلبہ و طالبات نے سیرت پاک پر مضامین پیش کیے اور نعت و منقبت سے سامعین کو محظوظ کیا۔ مہمان نعت خواں انجم حسین اور میثم عباس نے اپنی پر سوز آواز میں نعتیں پیش کرکے خوب داد وصول کی۔

تقریب کے اختتام پر مکتب امامیہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر منتظمین محمد صادق، علی محمد، اختر حسین، ارشاد حسین اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں