صدر ایران: آج فلسطین میں جو ہورہا ہے وہ انسانیت کے خلاف جرم کا مصداق ہے
ایران// صدر مملکت نے غزہ میں صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے ہولناک جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں میيں جو کچھ کیا جارہاہے وہ انسانیت کے خلاف جرم کا مصداق ہے۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کو شیراز میں یونیورسٹیوں اور دیگر اعلی تعلیمی مراکز میں تعلیمی سال کے آغاز کے جشن کی ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ جو لوگ اس طرح کے اقدامات کررہے ہیں اور جو ان جرائم کی حمایت کررہے ہیں، بین الاقوامی قوانین اور اصول و ضوابط کو ان کے تئیں جواب دہ ہونا چاہئے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکا کو جواب دینا چاہئے کہ کس طرح بے گناہ فلسطینی عوام کے گھروں کو مسمار نیزخواتین عورتوں اور بچوں کا بے رحمی سے قتل عام کیا جارہا ہے اگرچہ یہ وحشیانہ جرائم آج سے مخصوص نہیں ہیں بلکہ ستر سال سے ان کا سلسلہ جاری ہے ۔
سید ابراہیم رئیسی نے یہ کہتے ہوئے کہ خدا وند عالم ہمیشہ فلسطینی عوام پرنظرکرم رکھے اوران کی حمایت کرے، کہا کہ امید ہے کہ خدا وند عالم فلسطینی عوام کو جو پچھتر سال سے اپنے اوپر ہونے والے مظالم کی وجہ سے رنج و الم میں زندگی گزار رہے ہیں ، استقامت اور پامردی عطا کرے گا۔
انھوں نے حالیہ دنوں میں استقامتی فلسطینی محاذ کو ملنے والی عظیم کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی سپاہیوں، ان مجاہدین راہ کی عظیم کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرنے کی ضرورت ہے۔