بڈگام//ادارہ الزھرا سلام اللہ علیھا ٹرسٹ کی جانب سے بڈگام کے علاقے شالنہ میں امام حسن العسکریؑ کی شہادت کی مناسبت سے ایک پُر وقار مجلس حسینی کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس کا انعقاد ادارہ الزھرا سلام اللہ علیھا کے صدر دفتر پر ہوا جس میں وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف نوحہ خوانوں نے نوحہ خوانی کرکے گیارہویں امامؑ کو خراج عقیدت پیش کیا۔جن میں دائرہ حسینی ؑباغبان پورہ،لبرتل،لکھری پورہ اور بمنہ قابل ذکر ہیں۔
مجلس میں حجت الاسلام مولانا غلام محمد گلزار نے امام حسن العسکریؑ کی پاکیزہ سیرت اور ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے امام حسن العسکریؑ کی دینی، علمی اور روحانی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام نے اپنے مختصر دورِ امامت میں علم و ہدایت کے جو چراغ روشن کیے، ان سے دنیا آج تک منور ہے۔ اور امامؑ کی زندگی کا ہر پہلو ہمیں صبر، قربانی، اور دین کی سربلندی کا درس دیتا ہے۔
مجلس میں “رحمتہ العالمین ﷺ” تنظیم کے چیئرمین، شیخ فردوس نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ایسی مجالس کا انعقاد جاری رہنا چاہیے تاکہ زمانۂ مادیت میں ہم اپنے آئمہ اطہارؑ کی علمی، دینی اور روحانی خدمات سے آشنا رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن العسکریؑ کی زندگی ہمیں مشکلات کے باوجود ثابت قدمی اور دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتی ہے۔
وادی کے مشہور شاعر اور قلم کار سید اختر حسین اختر بھی مجلس میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک رہے ۔اور مجلس کے دوران ان کے نوحہ بھی پڑھے گئے۔
مجلس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور امام حسن العسکریؑ کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ نوحہ خوانوں کی پر سوز نوحہ خوانی نے مجلس کے شرکاء کو جذباتی کردیا، اور ہر طرف ایک روحانی ماحول قائم رہا۔
تقریب کے آخر پر بہترین نوحہ پیش کرنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا ۔