0

سکینہ ایتو نے سرینگر ، بڈگام ، گاندر بل ، پلوامہ اضلاع میں محکمہ ایچ ایم ای کی کارکردگی ، کام کاج کا جائیزہ لیا

سردیوں کے دوران دیہی علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی زیادہ سے زیادہ رسائی پر زور

سرینگر //صحت اور طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں سرینگر ، بڈگام ، گاندر بل اور پلوامہ اضلاع میں محکمہ صحت اور طبی تعلیم ( ایچ ایم ای ) کی کارکردگی اور کام کاج کے حوالے سے ایک جامع جائیزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ ڈپٹی کمشنر پلوامہ ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، ڈپٹی کمشنر بڈگام ، اے ڈی سی سرینگر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر ، پرنسپل گورنمنٹ ڈینٹل کالج سرینگر ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ، سی ای او ایس ایچ اے ، ڈائریکٹر کوارڈینیشن نیو جی ایم سیز ، ایم ڈی جے کے ایم ایس سی ایل ، پروجیکٹ ڈائریکٹر اے آئی ڈی ایس کنٹرول سوسائٹی ، میڈیکل سپرنٹینڈنٹس ، متعلقہ اضلاع کے سی ایم اوز اور محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران وزیر نے طبی انفراسٹرکچر ، انسانی وسائل ، طبی سامان اور آلات کے ساتھ ساتھ ہر ضلع کی ہنگامی تیاریوں کا جامع جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ان تمام اضلاع کے پی ایچ سیز ، سی ایچ سیز، ایس ڈی ایچ اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے کام کاج کے بارے میں بھی تفصیلی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے ان پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں خاص طور پر سردیوں میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل کریں ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ پی ایچ سیز اور سی ایچ سیز میں ماہرین اور مناسب عملے کی تعیناتی کریں تا کہ لوگوں کو ٹیر ٹری نگہداشت کے ہسپتالوں میں منتقل کئے بغیر ان کے آس پاس کے علاقوں میں بہترین طبی امداد مل سکے ۔ وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ دور دراز علاقوں تک زیادہ موثر طریقے سے پہنچنے کیلئے موجودہ موبائل ہیلتھ سروسز کو بہتر بنائیں ۔ سکینہ ایتو نے ان اضلاع میں جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کریں کیونکہ یہ لوگوں کیلئے صحت کی دیکھ بھال کی ترقی کی خدمات کے خلاءکو پُر کرنے کیلئے بہت ضروری ہیں ۔ وزیر نے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے بھی کہا کہ وہ عام لوگوں کی آسانی کیلئے اپنے متعلقہ ہسپتالوں میں تمام تشخیصی ٹیسٹوں کی شرحیں مقررہ جگہوں پر ظاہر کریں ۔ وزیر نے ان اضلاع میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کے ہموار آپریشن کو یقینی بنانے کیلئے شفافیت ، جوابدہی اور وسائل کے موثر انتظام کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں