جموں کشمیر کے عوام نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کرکے جمہوریت اور آئین کو فتح یاب کیا
ہم اب ’’ون نیشن ون الیکشن ‘‘کی طرف کام کر رہے ہیں جو ملک کی جمہوریت کو مضبوط کرے گا/ وزیر اعظم مودی
سرینگر// دفعہ 370 ایک دیوار کی مانند تھا جس کو ہمیشہ کیلئے دفن کیا گیا ہے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کر دیا ہے، جس سے ہندوستان کے آئین اور جمہوریت کو فتح ملی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ون نیشن ون الیکشن ‘‘کیلئے کام کر رہے ہیںجو جلد ہی حقیقت بن جائے گا ۔ سی این آئی کے مطابق گجرات کے کیواڈیا میں قومی یوم اتحاد کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کے صدیوں پرانے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے آئین، ہندوستان کی جمہوریت کو فتح دلائی ہے۔انہوں نے کہا ’’ ان کے ووٹوں سے 70 سال سے جاری پروپیگنڈے کو ختم کردیا،آج قومی اتحاد کے دن پر میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے آقا اب سمجھ گئے ہیں کہ بھارت کو نقصان پہنچانے کے نتائج برآمد نہیں ہوں گے، کیونکہ بھارت انہیں نہیں بخشے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں، بھارت نے ایسے بہت سے معاملات کو حل کیا ہے، جو قومی اتحاد کے لیے خطرہ تھے۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 70 سالوں سے بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پوری طرح نافذ نہیں کیا گیا اور آئین کا نام لینے والوں پر اس کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے اس ناکامی کا ذمہ دار جموں و کشمیر میںدفعہ 370 کی دیوار کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 ہمیشہ کیلئے دفن ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا ’’ آج پورا ملک خوش ہے کہ آزادی کی 7 دہائیوں کے بعد ایک ملک اور ایک آئین کی قرارداد پوری ہوئی ہے، یہ سردار صاحب کو میرا سب سے بڑا خراج عقیدت ہے، 70 سالوں سے بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پورے ملک میں نافذ نہیں کیا گیا۔ جو لوگ آئین کے نام کا نعرہ لگاتے ہیں انہوں نے اس کی بہت توہین کی ہے‘‘۔وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان کی حکومت ’’ون نیشن ون پول ‘‘کے حصول کے لیے کام کر رہی ہے جو لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کیلئے بیک وقت انتخابات کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا ’’ ہم اب ’’ون نیشن ون الیکشن ‘‘کی طرف کام کر رہے ہیں، جو ہندوستان کی جمہوریت کو مضبوط کرے گا، ہندوستان کے وسائل کا بہترین نتیجہ دے گا اور ملک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حاصل کرنے میں نئی ر فتار حاصل کرے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان ایک ملک ایک سول کوڈ کی طرف بڑھ رہا ہے جو کہ ایک سیکولر سول کوڈ ہے۔گزشتہ 10 سال ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے لئے بے مثال کامیابیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔