151

حضرت علی اکبر ؑ کے یوم ولادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یوم جوانان

حضرت علی اکبر ؑ کے یوم ولادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یوم جوانان

دین و انسانیت کے تحفظ اور ترویج میں نوجوان طبقہ کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ۔آغا مجتبیٰ عباس

بڈگام// نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ کے محبوب فرزند شبیہ مصطفیٰ ؐ حضرت علی اکبر ؑ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے امام بارگاہ سادات محلہ وترونی بڈگام میں یوم نوجوانان کا انعقاد کیا تقریب سعید میں نوجوانوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی تقریب سعید کی صدارت انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض توفیق حسین ملک نے انجام دئےجن معززین نے اظہار خیال کیا ان میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی ،حجت الاسلام سید محمد حسین گریند ،حجت الاسلام سید یوسف الموسوی ،حجت الاسلام سید محمد صفوی ،شاعر اہلبیت ؑ جناب غلام حسین شبنم صاحب شامل ہیں مقررین نے ایک صالح معاشرے کی تعمیر اور دین و انسانیت کے تحفظ و ترویج میں نوجوان طبقے کے کردار و عمل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے اور قوم و ملت کے عروج و زوال کا دار ومدار نوجوان پود کی راہ و روش اور فکر و سوچ پر منحصر ہوتا ہے اس لئے نوجوان کی تعلیم و تربیت بنیادی اہمیت کی حامل ہوتی ہے مقررین نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے لئے حضرت علی اکبرؑ کا سیرت و کردار ایک مکمل ضابطہ اور نمونہ عمل ہےحجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے حضرت علی اکبر ؑ کے کردار وعمل کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقہ کسی بھی قوم کا سب سے بڑا قیمتی اور بے بدل سرمایہ ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ دین و انسانیت کی سربلندی کے لئے ایک تعلیم یافتہ دین دار اور معاملہ فہم نوجوان طبقہ کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ حضرت علی اکبر ؑ نے ولادت سے لیکر شہادت تک زندگی کا ایک ایک لمحہ اطاعت خدا و رسول ؐ اور امامت و لایت کی خدمت اور دفاع کے لئے صرف کیا انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے حضرت علی اکبر ؑ کی ذات گرامی ایک مکمل رول ماڈل اور نقشہ راہ ہے ہمارے نوجوان طبقے کو سیرت علی اکبر ؑ کو ملحوظ نظر رکھکر اپنی ذمہ داریوں کا از خود تعین کرنا چاہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں