آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے مسجد اعظم قم میں حوزوی طلبہ اور عوام کو دئے گئے اپنے ہفتہ وار درس اخلاق میں نہج البلاغہ کی حکمت نمبر ۱۵۱ کی شرح کو بیان کرتے ہوئے کہا: امیرالمؤمنین علیہ السلام نے فرمایا کہ انسان کوئی معمولی مخلوق نہیں ہے جو موت کے ساتھ فنا ہو جائے۔ موت فنا نہیں بلکہ ایک دنیا سے دوسری دنیا کی طرف انتقال ہے۔ انسان کے تمام اعمال محفوظ رہتے ہیں اور فنا نہیں ہوتے۔
انہوں نے قرآن کریم کے حوالے سے کہا: خداند متعال فرماتا ہے کہ “فرشتے انسان کے ساتھ ہوتے ہیں، وہ نہ کبھی سوتے ہیں اور نہ ہی غفلت کرتے ہیں اور انسان کے تمام اچھے یا برے اعمال کو لکھتے رہتے ہیں۔”
آیت اللہ جوادی آملی نے مزید کہا: انسان ایک درخت کی مانند ہے اور اس کے اعمال اس کے پھل ہیں۔ یہ پھل یا تو میٹھے ہوں گے یا کڑوے۔ یہ سب انسان کے اپنے اعمال پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا: جہنم کا ایندھن جنگلات یا درخت نہیں ہیں بلکہ ظالم انسان خود ہیں۔ وہ لوگ جو دنیا میں ظلم کرتے ہیں، جیسے اسرائیل اور صہیونی، یا جو دوسروں کے حقوق پامال کرتے ہیں، یہی لوگ جہنم کے ایندھن بنیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ انہوں نے اپنے درسِ اخلاق کے شروع میں ماہ رجب کی آمد کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا: اس بابرکت مہینے کے فیوضات، خاص طور پر اعتکاف کی بہت زیادہ اہمیت ہے جس سے تاحدالامکان استفادہ کرنا چاہئے۔