0

جمہوری سرکار عوام کی راحت کیلئے برسرجہد:فاروق عبداللہ

درجنوں عوامی ، تاجر اور ملازم انجمنوں کے وفود جموں میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقی

جموں// صدر جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں میں اپنی رہائش گاہ پر متعدد عوامی، انفرادی وفود اور پارٹی لیڈران و عہدیداران سے ملاقات کی۔موصولہ پریس بیان کے مطا بق اس موقعے پر معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، اجے کمار سدھوترا، صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، سینئر لیڈر غلام قادر پردیشی، صوبائی سکریٹری شیخ بشیر احمد اور اقلیتی سیل کے کنوینیر جگدیش سنگھ آزاد کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجو دتھے۔ اس دوران ڈاکٹر فاروق نے ملاقی ہونے والے وفود کے مسائل و مشکلات بغور سُنے اور موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ رابطہ کرکے ان کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو متعلقہ وزراءکی نوٹس میں لایا جائے گا اور ان پر زور دیا کہ وہ مزید مدد کے لئے اپنے مقامی ایم ایل ایز کے ساتھ رابطہ رکھیں۔اس موقعے پر وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عوامی نمائندہ سرکار بہتر اور افضل انتظامیہ کی علامت ہوتی ہے کیونکہ عوامی سرکار ہی لوگوں کے مسائل و مشکلات سے باخبر ہوتی ہے اور ان کا ازالہ کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عوامی سرکار کا متبادل کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔اُن کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور آئینی ماحول میں سخت گیر پالیسی،دھونس دباﺅ اور طاقت کی کوئی بھی قیمت نہیں ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا” جموں کشمیر کا رشتہ مرکز کے ساتھ جن اصولوں پر آنجہانی ہری سنگھ نے کیا ہے ان پر ہی عمل کرکے ریاست کی ترقی،خوشحالی اوور امن و سکون کا راز مضمر ہے“۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے جس سرکار کو اپنے قیمتی ووٹوں سے جس طرح کامیاب بنیا ہے اس کو آزادانہ طور پر کام کرنے کیلئے ہر سطح پر تعان دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی عوامی نمائندہ سرکار لوگوں کے تمام مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے برسر جہد ہے جن وعدون کا انتخابی منشور میں ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو کم کرنا موجودہ سرکار کی اولین ترجیح ہے کیونکہ لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو اعتماد دیا ہے اس پر عمل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ گذشتہ کئی دنوں سے قیام پذیر ہیں جہاں ہر روز درجنوں عوامی ، تاجر اور ملازم انجمنوں کے وفود اُن سے ملاقی ہورہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں