موجودہ پنچایت ووٹر فہرستوں کی سالانہ نظرثانی کیلئے خصوصی کیمپوں کی پیروی کی جائیگی / حکام
سرینگر //جموں کشمیر میں کامیاب اسمبلی انتخابات کے بعد اگلے سال ماہ جنوری میں پنچایتی انتخابات منعقد ہونے کا قومی امکان ہے ۔ سی این آئی کے مطابق لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے کامیاب اور پرامن انعقاد کے بعدجموں و کشمیر انتظامیہ ایک بار پھر اگلے سال ماہ جنوری میں جموں و کشمیر میں پنچایتی انتخابات کرانے کیلئے کمر بستہ ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ جنوری سال 2025 میں پنچایتی انتخابات کا اعلان متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن نے تمام اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایات جاری کی ہیں، جو کہ ضلعی الیکشن پنچایت افسر بھی ہیں، موجودہ پنچایت ووٹر لسٹوں کی سالانہ نظرثانی اور حلقوں کی تازہ حد بندی کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ پنچایت ووٹر فہرستوں کی سالانہ نظرثانی کے لیے خصوصی نظرثانی کیمپوں کی پیروی کی جائے گی۔جموں و کشمیر میں اس سال 9 جنوری کو 28,000 پنچایت ممبران کی میعاد ختم ہو گئی۔جموں و کشمیر میں پنچایتی انتخابات الیکشن کمیشن آف انڈیا نہیں بلکہ جموں و کشمیر ریاستی الیکشن کمیشن کے ذریعے کرائے جاتے ہیں۔پنچایتوں اور شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات آخری بار نومبر اور دسمبر 2018 میں ہوئے تھے۔انہوں نے کہا’’پنچایت اور شہری و بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بعد، جموں و کشمیر میں دفعہ370 کی منسوخی کے بعدتمام جمہوری عمل بشمول نچلی سطح تک مکمل ہو جائیں گے‘‘۔ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات پرامن طریقے سے منعقد ہونے کے بعد پنچایتی انتخابات کرانے کی تیاریاں جاری ہیں۔18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے اہل ووٹر اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کروا سکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 کے سیکشن 38 کے تحت نظر ثانی کی جا رہی ہے جبکہ رجسٹریشن کے عمل کیلئے چھ خصوصی کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ پہلا کیمپ 16 نومبر کو ہوگا اس کے بعد 17، 23، 24، 30 نومبر اور یکم دسمبر کو ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ تمام پنچایت الیکشن بوتھ آفیسر ووٹروں کے دعووں اور اعتراضات کیلئے ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر موجود رہیں گے جبکہ بلاک لیول آفیسران کیمپوں کی نگرانی کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ حتمی پنچایت ووٹر فہرستیں 6 جنوری 2025 کو شائع ہونے کا امکان ہے جس کے بعد انتخابات کا اعلان متوقع ہے۔