جموں اور سرینگر میں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفاتر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم
سوشل میڈیا چینلوں اور میڈیا پورٹلوں واکاؤنٹس پر کڑی نگاہ
لوگ جمہوری عمل کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل کریں/ چیف الیکٹورل آفیسر
سرینگر // جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ کیلئے سرگرمیاں شروع ہونے کے ساتھ ہی حکام نے جموں اور سرینگر میں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفاتر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیے ہیں تاکہ انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر غلط معلومات کو روکنے اور انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے سرینگر اور جموں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سوشل میڈیا چینلوں اور میڈیا پورٹلوں اور اکاؤنٹس پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔اس کے علاوہ حکام نے چھوٹے سائز کے کنٹرول روم قائم کیے ہیں اور انہیں تمام 20 ضلعی کمشنروں کے دفتروں میں دن رات کی بنیاد پر فعال بنایا ہے۔اس سلسلے میں چیف الکٹورل آفیسر جموں کشمیر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ’’ ؎جدید ترین انفراسٹرکچر سے لیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے جدید ترین ٹیکنالوجی کو مربوط کیا ہے‘‘۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ الیکشن سے متعلق تمام سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے چوبیس گھنٹے کام کرے گا جس میں جعلی خبروں کے کسی بھی مشتبہ معاملے کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس میں کہا گیا ہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کے قیام سے جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کو تقویت ملے گی، اور یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے تمام 90 حلقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کی جگہ ہوگی۔بیان میں مزید کہا گیا ’’الیکٹرانک چینلوں کے علاوہ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سوشل میڈیا چینلوں اور میڈیا پورٹلوں اور اکاؤنٹس پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، یعنی میڈیا مانیٹرنگ ایسے عناصر پر جو ایسی کوئی بیانیہ تیار کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں جو امن کیلئے نقصان دہ ثابت ہو‘‘۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام شہریوں اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل کریں۔انہوں نے عام لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایم سی سی سے متعلق خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے سی وِجل ایپ کا استعمال کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایسی تمام شکایات کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مقررہ وقت یعنی 100 منٹ کے اندر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔