ہر ووٹ ان کے حقوق کی واپسی اور روزگار کو یقینی بنائے کیلئے اہم / راہول گاندھی
سرینگر // لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہول گاندھی نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے انڈیا بلاک کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا ہر ووٹ ان کے حقوق کی واپسی اور روزگار کو یقینی بنائے گا۔سی این آئی کے مطابق دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر میں پہلی بار اسمبلی انتخابات کا انعقاد ہوا اور پہلے مرحلہ کیلئے ووٹ ڈالیں گئے۔ ووٹنگ شروع ہونے کے ساتھ ہی لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے جموں کشمیر کے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات میں بڑ ھ چڑھ کر حصہ لیں اور بھاری اکثریت میں اپنی رائے دہی کا اظہار کرکے بی جے پی کو دور رکھنے میں اپنا کلیدی رول اد ا کریں ۔ انہوں نے جموں کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں اور یقین دہانی کرائی کہ ہر ووٹ سے جموں کشمیر کے شہریوں کے جو حقوق ہے ان کو واپس لایا جائے گا اور نوجوانوں کیلئے روز گار کے موقعہ پر پیدا کیاجائے گا ۔ راہول گاندھی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’جموں و کشمیر کے میرے بھائیو اور بہنو، آج پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی ریاست کی ریاست کا درجہ چھین لیا گیا ہے اور اسے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا ہے ۔یہ آپ کے تمام آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جموں و کشمیر کی توہین ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید لکھا ’’ انڈیا بلاک کیلئے آپ کا ہر ووٹ آپ کے حقوق کی واپسی کو یقینی بنائے گا، روزگار لائے گا، خواتین کو مضبوط بنائے گا، آپ کو ناانصافی کے دور سے نکالے گا… جموں و کشمیر کو دوبارہ خوشحال بنائے گا۔‘‘گاندھی نے مزید کہا’’آج اپنے گھروں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں نکلیں اور اپنے جمہوری حق کا استعمال کریں اور انڈیا بلاک کو ووٹ دیں۔‘‘ خیال رہے کہ تین مرحلوں پر مشتمل پولنگ کے پہلے مرحلے میں پیر پنجال پہاڑی سلسلے کے دونوں جانب جموں و کشمیر کے سات اضلاع میں اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی ۔