0

جموں وکشمیر کا قومی ریلوے نیٹ ورک میں انضمام ایک تاریخی کامیابی ہے: نریندر مودی

جموں//وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کہا کہ قومی ریلوے نیٹ ورک میں جموں وکشمیر کا انضمام ہندوستانی ریلوے کو کارکردگی، رفتار اور مسافروں کے تجربے میں عالمی رہنما میں تبدیل کرنے کی طرف ایک یادگار قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ اودھم پور- سری نگر- بارہمولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ ایک تاریخی کامیابی ہے جو ہندوستان کی انجینئرنگ کی مہارت کا مظہر ہے۔
وزیر اعظم نے ان باتوں کا اظہار پیر کو ورچوئل موڈ کے ذریعےنئے جموں ریلوے ڈویژن کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے اس کو جموں و کشمیر کی کنیکٹیویٹی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا اور جموں وکشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا: ‘ قومی ریلوے نیٹ ورک میں جموں وکشمیر کا انضمام ہندوستانی ریلوے کو کارکردگی، رفتار اور مسافروں کے تجربے میں عالمی رہنما میں تبدیل کرنے کی طرف ایک یادگار قدم ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ اودھم پور- سری نگر- بارہمولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ ایک تاریخی کامیابی ہے جو ہندوستان کی انجینئرنگ کی مہارت کا مظہر ہے’۔
جدید انجینئرنگ کے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے نریندر مودی نے کہا: ہندوستان کا پہلا کیبل اسٹیڈ ریل پل، انجی کھڈ برج، اور دریائے چناب پر تعمیر کیا ہوا مشہور آرچ پل جو دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل ہے وہ کمالات ہیں جو عالمی سطح پر لہریں اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئے جموں ریلوے ڈویژن سے نہ صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اس کے فوائد ہماچل پردیش، پنجاب اور لداخ تک بھی پہنچیں گے۔وزیر اعظم نے اس افتتاح کو “سب کا ساتھ، سب کا وکاس” کے وژن کے تحت ہندوستان کی اجتماعی ترقی کی علامت قرار دیا جس میں ‘وکشت بھارت’ (ترقی یافتہ ہندوستان) کے خواب میں رنگ بھر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکشت بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہندوستانی ریلوے کو ترقی دینا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘گذشتہ ایک دہائی میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری، کنیکٹیویٹی میں اضافہ، اور مسافروں کے لیے بہتر سہولیات میں تبدیلی کا مشاہدہ کیا گیا ہے’۔
وزیر اعظم نے کہا: ‘حکومت نے گذشتہ 10برسوں میں 30 ہزار کلومیٹر سے زیادہ نئے ریلوے ٹریک بچھائے ہیں جو کہ سال 2014 میں صرف 35 فیصد کے نسبت سو فیصد برقی کاری کے قریب ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ آج نئے دور کے رابطے کے لیے ایک بڑا دن ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پوری قوم مل کر آگے بڑھ رہی ہے’۔ان کا زور دے کر کہنا تھا کہ ریلوے کے نئے ڈویژن، ٹرمینلز اور جدید سٹیشن تجارت، کاروبار اور روزگار کے بے مثال مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
نریندر مودی نے کہا کہ ریلوے کی ترقی سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘گذشتہ 10 برسوں کے دوران لاکھوں نوجوانوں کو ریلوے میں ملازمت دی گئی ہے اور گتی شکتی یونیورسٹی جیسے اقدامات سے افرادی قوت کی مہارت میں مزید اضافہ ہوگا’۔تیز رفتار ٹرین خدمات میں پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 50 سے زیادہ وندے بھارت ٹرینیں اب کام کر رہی ہیں جو طویل فاصلے کو کم وقت میں جوڑ رہی ہیں اور جدید ہندوستانی ٹرینوں کے لیے ایک معیار قائم کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا: ‘وہ وقت دور نہیں جب بلٹ ٹرینیں پورے ملک میں سفر کریں گی جس سے ریلوے کا سفر یادگار بن جائے گا’۔انہوں نے ملک کے بڑھتے ہوئے میٹرو نیٹ ورک کی بھی سراہنا کی جو 2005 میں صرف 5 شہروں سے بڑھ کر آج 21 شہروں تک پہنچ گیا ہے اور جس میں ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ آپریشنل ٹریک ہیں۔مقامی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘میڈ ان انڈیا’ پہل کے تحت، ریلوے اسٹیشنوں کو جدید بنایا جا رہا ہے اور تیز رفتار ٹرین کوریڈور تیار کیے جا رہے ہیںانہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہندوستان کنیکٹیویٹی اور انفراسٹرکچر میں سب سے آگے رہے۔نریندر مودی نے ترقی یافتہ اور خود انحصار ریلوے کو ہندوستان کی ریڑھ کی ہڈی بنانے کے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا: ‘یہ صرف کنیکٹیویٹی کی بات نہیں ہے بلکہ لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے اور لاکھوں لوگوں کے لئے ایک بہتر مستقبل بنانے کی بات بھی ہے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں