69 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی مرض سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2791 ہوگئی
سرینگر // جموں میں ڈینگی بیماری کا پھلائو جاری ہے تاہم کشمیر میں کچھ حد تک بیماری کو قابو میں کر لیا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں میں ڈینگو کے 69 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی اس سال اب تک اس مرض سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2791 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ جموں ضلع میں مزید 69 کیسوں کے ساتھ،بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1800 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا، 90 فیصد سے زیادہ کیس میونسپل علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں جن میں بڑے ہاٹ سپاٹ جیسے مٹھی (230 کیس)، ونائک نگر (97)، روپ نگر (101)، جانی پور (80) اور درگا نگر (76) کیس شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں ضلع سانبہ کے بعد 316 کیس ہیں جبکہ کٹھوعہ سے 257، ادھم پور سے 120، ریاسی سے 78، راجوری سے 65، ڈوڈہ سے 47، پونچھ سے 45، را م بن سے 25، کشتواڑ سے 6 کیس رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح سے دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بھی 20 مقامی کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ رواں سال کل تک کل 18759 مریضوں کا ڈینگی ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 2791 کیس مثبت پائے گئے۔ انہوں نے کہا ’’ابھی تک ڈینگی کی وجہ سے کسی کی موت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے ڈینگی کے 69 کیس میں سے 58 بالغ (36 مرد اور 22 خواتین) اور 11 بچے (9 مرد اور 2 خواتین) تھے۔عہدیدار نے بتایا کہ ڈینگی سے متاثرہ کل 344 مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور ان میں سے 315 کو کامیاب علاج کے بعد فارغ کردیا گیا تھا جب کہ 18 اب بھی یوٹی کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔