جانبازوں کی غیر متزلزل ہمت، انقلابی جذبہ اور بے لوث قربانی ہم سب کو متاثر کرتی رہتی ہے
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھارت کی آزادی کیلئے جانی قربان کرنے والے سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاںہر ہندوستانی کیلئے عظیم ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ بھارت کا ہر شہری چاہے وہ کسی بھی دھرم اور قوم یا جاتی کا ہو اپنے ویروں کی قربانیوں کو یاد کرتا ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ بھارت کی سرزمین کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانے کیلئے ان ویروں نے جو کام کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سنیچر وار کو اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی آزادی کیلئے جن سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں ان کی قربانیاں ہر ہندوستانی کے دلوں میں تازہ ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ آج کے بھارت کی بنیاد انہیں لوگوں نے اپنے خون سے رکھی تھی اور یہ انقلابی جذبہ اور قربانی ہم سب کیلئے متاثر کن ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مزید کہا ہے کہ ماں بھارتی کے عظیم بیٹوں، عظیم آزادی پسندوں، بھگت سنگھ، سکھ دیو اور راج گرو کو میرا خراج عقیدت جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کی غیر متزلزل ہمت، انقلابی جذبہ اور بے لوث قربانی ہم سب کو متاثر کرتی رہتی ہے۔اس موقعے پر انہوںنے آزادی پسند اور سیاستدان ڈاکٹر رام منوہر لوہیا جی کو ان کی جنم جینتی پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ سنہا نے مزید کہا ہے کہ بھارت تیزی سے ترقی کررہا ہے اور یہ تبھی ممکن ہوا ہے جب دیش کے ان جانبازوں نے ہمارے آج کیلئے اپنے کل کو قربان کیا تھا ۔ انہوںنے بتایا کہ ہر شہری کو ان جانبازوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہئے ۔