ایران// بروجرد کے امام جمعہ حجت الاسلام سید علی حسینی نے آج بروجرد میں عشرہ فجر کی مناسبت سے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: انقلاب ایران ایک اخلاقی، ثقافتی اور ہمہ گیر انقلاب ہے جس نے تمام میدانوں میں لوگوں کو آزادی دی اور خود کفیل بنایا ۔
انہوں نے کہا : آج ایران نے تمام شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ، آج تمام میدانوں میں ایران کی ترقی، اسلام اور انقلاب کے دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ ایران کے تئیں ان کے غصے اور دشمنی کو دوگنا کردیا ہے۔
امام جمعہ بروجرد نے مزید کہا: انقلاب سے پہلے ایران میں ہندوستانی اور پاکستانی ڈاکٹر لوگوں کا علاج کیا کرتے تھے لیکن انقلاب اسلامی ایران کی بدولت آج اس ملک میں قابل ڈاکٹر موجود ہیں اور ایران کے عوام کو بہترین طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
حجۃ الاسلام حسینی نے کہا : ایران نے میزائل، طبی، سائنسی اور جوہری میدانوں میں نمایاں اور شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ،دشمنوں کی جانب سے ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے باوجود ایران کے جوانوں نے مختلف میدانوں میں کارنامے تخلیق کر رہے ہیں اور دن بدن ایران خود کفیل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: طلباء ایران کے مستقبل ساز ہیں، لہذا ایران کی ترقی کے لئے اور ایران کو مزید سربلند کرنے کے لئے اچھی طرح علم حاصل کرنا چاہئے اور بہت ہی محنت اور لگن سے کام لینا ہوگا۔