0

ایام فاطمیہ ؑ کی مناسبت سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں مجلس عزا

سیرت فاطمہؑ کی پیروی ایک صالح معاشرے کی تشکیل اور سماجی بدعات کے سدباب کیلئے ناگزیر۔ آغا حسن

سرینگر//صدرانجمن شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے خاتون جنت، سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت پاک کی پیروی کو ایک صالح معاشرے کی تشکیل اور سماجی بدعات کے سدباب کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سماج یا معاشرے کے بناو بگاڑ میں خواتین کااہم کردار ہوتا ہے اور خواتین جس قدر بااخلاق، دوراندیش اور فرض شناس ہوں اُس قدر اصلاح معاشرے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایام فاطمیہؑ کے سلسلے میں بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سیدحسن نے کہا کہ موجودہ مہذب اور ترقی یافتہ دنیا ابھی تک خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔اسلام نے عورت کے تحفظ کیلئے جس ضابطے کا تعین کیا ہے اگر دنیا اُس پر عمل پیرا ہونے کیلئے آمادہ ہوجائے تو یقینی طور پر صنف نازک کے مقام اور منزلت اور تحفظ کے تقاضے پورا کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناب فاطمہ الزہراؑ کی سیرت صرف خواتین ملت کیلئے ہی مشعل راہ نہیں بلکہ ہر قوم و ملت کی خواتین آپؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر اپنی عظمت اور مقام و منزلت کو بحال کرواسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آغوش زہراؑ اسلام کی سربلندی کی ایسی تربیت گاہ ہے جو رہتی دنیا تک اسلام کی سربلندی کیلئے وسائل فراہم کرتی رہے گی۔ اس موقعہ پر آغا سید حسن نے پروفیسرعبدل واحد قریشی سابقہ وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے سانحہ ارتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کو تعزیت پیش کی آغا صاحب نے کہا کہ پروفسیر واحد قریشی ایک ممتاز ماہر تعلیم اور کشمیر یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر تھےآغا صاحب کہا کہ پروفیسر واحد قریشی کی رحلت سے شعبہ تعلیم میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا بہت مشکل ہے۔ اس موقعہ پرآغا صاحب نے مرحوم کے لئے بلند درجات اور لواحقین و پسماندگان کے حق میں صبر جمیل کی دعا کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں