Press 8 December 72

انجمن شرعی شیعیان کے زیر انتظام مجالس فاطمیہ کا سلسلہ بدستور جاری

حضرت فاطمہ زہرا کی استقامت اور پائیداری بہترین نمونہ عمل۔۔۔۔آغا حسن۔

بڈگام // جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ایام فاطمیہ کے سلسلے وادی بھر میں مومنین و مومنات کے لئےمجالس عزاء کا انعقاد عمل میں لایا گیا اس سلسلے میں آج مرکزی امام بارگاہ بڈگام اور جامع مسجد چھترگام میں پُر وقار مجالس کا اہتمام کیا گیا جن میں عقیدمندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی اور ان جگر سوز حالات کا تزکرہ کیا جن کا سامنا کرتے ہوئے خاتون جنت ؑدنیائے فانی سے رخصت ہوئی۔مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں مجلس سے قبل جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت فاطمۃ الزہراؑ کے سیرت و کردار کی وضاحت کی انھوں نے حضرت زہراؑ کے ساتھ پیغمبر اکرمؐ کی غیر معمولی محبت و عقیدت کو اس سیرت و کردار اور عظمت و منزلت کا نتیجہ قرار دیا جس سے خداوند عالم نے فاطمۃ الزہراؑ کو سرفراز فرمایا۔آغا صاحب نے فلسطین کی مظلومیت کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی کسمپرسی کی حالت زار پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی تباہی کو روکنے کے لیے جنگ بندی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔آغا صاحب نے مزید کہا اگر جنگ بندی نہ ہوئی تو مجموعی طور پر خطے میں امن و سلامتی کے لیے مضر اثرات سامنے آ سکتے ہیں جن کی واپسی شاید ممکن نہ ہو۔جامع مسجد چھترگام میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی کی قیادت میں لوگوں نے جمعہ ادا کیا جہاں مختلف سماجی مسائل کو اجاگر کیاگیا ایام فاطمیہ کے پیش نظر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے آغا مجتبیٰ نے حضرت زھرا کے سیرتی پہلو پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جناب سیدہؑ نے اسلام کی تبلیغ و دعوت اور تحفظ وترویج میں اپنے پدر بزرگوار ؐ کی اس حد تک معاونت کی کہ رسول اکرمؐ نے اپنی بیٹی کو ام الابیہا اور بعضتہ منی جیسے القاب سے نوازا آغا مجتبیٰ نے کہا کہ حضرت زہراؑ کو خراج عقیدت نذر کرنے کا حقیقی طریقہ یہ ہے کہ ہم خواتین کو وہ حقوق ادا کرنے میں کوئی بخل نہ کریں جو حقوق انھیں اسلام نے دے رکھے ہے اور خواتین ان فرائض کو ادا کرنے کی کوشش کریں جن کا انھیں اسلام نے پابند کر رکھا ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں