اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں امریکی قائم مقام نمائندے نے صہیونی حکومت کے خلاف ایرانی حملوں کے حوالے سے بے بنیاد الزامات عائد کیے جس کے بعد ایرانی مندوب سعید ایروانی نے دندان شکن جواب دیا۔
امریکی قائم مقام نمائندے رابرٹ ووڈ نے ایران پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ تہران صہیونی حکومت کے خلاف کاروائیوں میں ملوث ہے۔
رابرٹ ووڈ نے فلسطین اور لبنان میں استعمال کرنے کے لئے صہیونی حکومت کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی کی طرف اشارہ کیے بغیر کہا کہ اگر وعدہ صادق آپریشن کے میزائل روکے نہ جاتے تو اسرائیل کو بہت زیادہ نقصان ہوتا۔
امریکی عہدیدار کے الزامات کے جواب میں سعید ایروانی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق صہیونی حکومت کے خلاف کاروائی کی ہے۔
ایروانی نے شام سمیت خطے میں امریکی حکومت کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صہیونی حکومت امریکی حمایت کے ساتھ فلسطین اور لبنان پر جارحیت کررہی ہے۔ امریکی حمایت کے بغیر صہیونی حکومت ایک لمحہ بھی باقی نہیں رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ دوسروں کی جارحیت کا شکار رہا ہے جبکہ امریکہ نے دنیا بھر میں اپنے پراکسیز کے ذریعے دوسروں پر حملہ کیا ہے۔